رسائی کے لنکس

سعودی عرب :بلیک بیری سروس معطل کرنے کا اعلان


سعودی عرب کا کہنا ہے کہ ملک میں جمعے کے روز کسی وقت بلیک بیری فون سروس معطل کردی جائے گی۔ یہ اقدام بلیک بیری تیار کرنے والوں کی طرف سے ریاض کے اس مطالبے کو پورا نہ کرنے کے بعد کیا جارہا ہے جس میں سروس کی محفوظ معلومات تک رسائی مانگی گئی تھی۔

امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ بہت سے ملکوں کی طرف سے بلیک بیری ٹیکنالوجی پر اٹھنے والے اعتراضات کے بعد اس میں مداخلت کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ان ملکوں کا کہنا ہے کہ انتہائی محفوظ ٹیکنالوجی سے ان کی قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

متحدہ عرب امارات کا بھی کہنا ہے کہ وہ اپنے ہاں بلیک بیری کی ای میل،ویب براؤزنگ اور میسنجر کی سروس 11اکتوبر سے معطل کردے گا۔ اس پابندی کا اطلاق فون کالوں اور ٹیکسٹ میسج پر نہیں ہوگا۔

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ امریکہ عرب امارات سے اس معاملے پر بات کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ کو احساس ہے کہ ان ملکوں کی طرف سے سلامتی کے خدشات جائز ہیں لیکن ان کے بقول معلومات تک رسائی اور اس کا استعمال بھی ایک جائز حق ہے۔

متحدہ عرب امارات کی مواصلاتی ریگولیٹری اتھارٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس کے ہاں بلیک بیری سروس پر پابندی کا اطلاق کاروباراور سیر کے لیے آنے والے افراد پر بھی ہوگا جو دوسرے ملکوں کی بلیک بیر ی سروس استعمال کررہے ہوں گے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے خطے میں اہم تجارتی منڈی اور کاروباری مرکز بننے والی ریاست دبئی میں آنے والے افراد پر منفی اثر پڑے گا۔

پابندی عائد کرنے والے ان ملکوں کا کہنا ہے ان کے مطالبات کی منظوری تک یہ تعطل جاری رہے گا۔

بلیک بیری سمارٹ فون ایک کینیڈین کمپنی تیار کرتی ہے اور حالیہ برسوں میں اس کی سروس لوگوں میں بے پناہ مقبول ہوئی ہے۔

XS
SM
MD
LG