رسائی کے لنکس

اسکولوں کو نذر آتش کیے جانے پر بھارتی کشمیر میں سراسیمگی


فریقین کی الزام تراشیوں کے تناظر میں مبصرین کا کہنا ہے کہ اس میں نقصان علاقے کے ہزاروں طلبا کا ہی ہو رہا ہے۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں گزشتہ دو ماہ کے دوران دو درجن سے زائد اسکولوں کو نامعلوم افراد کی طرف سے نذر آتش کیا جا چکا ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ یہاں اس پیمانے پر تعلیمی اداروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

جولائی میں یہاں ایک علیحدگی پسند کمانڈر برہان وانی کی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد شدید مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران ہونے والی جھڑپوں میں بھی ایک سو سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔ علیحدگی پسندگی کی کال پر بھارتی کشمیر میں تقریباً چار ماہ سے اسکول بند ہیں۔

گزشتہ ہفتے تین اسکولوں کو نذر آتش کیے جانے کے واقع کے بعد جموں و کشمیر کی عدالت عالیہ نے ریاستی حکومت سے کہا تھا کہ وہ اسکولوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ "تعلیم کے دشمنوں کو بے نقاب کرے " اور ان سے "آہنی ہاتھ" سے نمٹے۔

لیکن بظاہر اس بات کے تاحال کوئی واضح شواہد حاصل نہیں ہو سکے ہیں کہ دس مختلف اضلاع میں اسکولوں کی تباہی میں کون ملوث ہے۔

ان میں سے چند اسکول مکمل طور پر تباہی ہو گئے ہیں جب کہ آتشزنی سے بعض جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے کچھ مشتبہ لوگوں کو گرفتار کیا ہے لیکن تاحال اس پر کسی کو موردالزام نہیں ٹھہرایا گیا ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ اسکولوں کو نذر آتش کیے جانے کے واقعات میں اس وقت اضافہ ہوا جب حکومت نے انھیں دوبارہ کھولنے کی کوشش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ طویل عرصے سے بندش کے باوجود امتحانات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔

پہلے پہل یہ اسکول بھارتی کشمیر میں عائد کرفیو کی وجہ سے بند تھے لیکن بعد میں ہڑتالوں کی کال اور کشیدہ صورتحال کی وجہ سے یہاں تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں۔

اعلیٰ حکومتی عہدیدار علیحدگی پسندوں کو اس ذمہ دار قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بناتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ یہ لوگ ان پڑھ نوجوانوں کی ایک ایسی نسل پروان چڑھانا چاہتے ہیں جسے سکیورٹی فورسز پر پتھر پھینکے کے لیے استعمال کیا جا سکے۔

تاہم اسکولوں کو نذر آتش کیے جانے کی علیحدگی پسندوں کی طرف سے بھی مذمت دیکھنے میں آئی ہے۔ علیحدگی پسندوں کے اتحاد حریت کانفرنس کا دعویٰ ہے کہ اسکولوں کو جلا کر تباہ کرنا اس "سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد جاری تحریک کو بدنام کرنا ہے۔"

لیکن فریقین کی الزام تراشیوں کے تناظر میں مبصرین کا کہنا ہے کہ اس میں نقصان علاقے کے ہزاروں طلبا کا ہی ہو رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG