رسائی کے لنکس

گرین لینڈ کے ایک بڑے گلیشیئر میں ٹوٹ پھوٹ


Glacier
Glacier

گرین لینڈ کے علاقے میں گلیشیئر کا ٹوٹا ہوا ٹکڑا نیویارک شہر سے تقریباً دگنا بڑا ہے اور ایک اندازے کے مطابق اس ٹکڑے کا رقبہ 120 مربع کلومیٹر ہے

ناسا کے سیٹلائٹ نے گرین لینڈ کے علاقے میں، جہاں کرہ ارض کے بڑے بڑے گلیشیئر موجود ہیں، برف کے ایک بہت بڑے ٹکڑے کے ٹوٹ کر گلیشیئر سے الگ ہوجانے کی تصویریں اتاری ہیں۔

برف کا یہ ٹکڑا نیویارک شہر سے تقریباً دگنا بڑا ہے اور ایک اندازے کے مطابق اس ٹکڑے کا رقبہ 120 مربع کلومیٹر ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ ٹکڑا اس ہفتے کے شروع میں گرین لینڈ کے پیٹرمن گلیشیئر سے الگ ہواتھا۔

ناسا کے ایکوا سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والی تصویروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ گلیشیئر سے ٹوٹ جانے والا ٹکڑا اب برفانی دریا میں تیر رہاہے جو اسی گلیشیئر کا حصہ ہے۔

اس سے قبل 2001ء میں اس گلیشیئر میں دراڑ کا انکشاف ہواتھا۔

گذشتہ دوبرسوں کے دوران پیٹرمن گلیشیئر سے برف کے بڑے حجم کے ٹکڑوں کے الگ ہونے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

2010ء میں گلیشیئر سے ٹوٹ کر الگ ہونے والے برفانی ٹکڑے کا حجم موجودہ ٹکڑے سے دگنا تھا۔

گلیشیئرز سے برفانی ٹکڑوں کا الگ ہونا ایک معمول کا عمل ہے، لیکن بہت بڑے حجم کے برفانی ٹکڑوں اتنے کم عرصے میں جنم لینا سائنس دانوں کے نزدیک تشویش ناک ہے اور ان کا کہناہے کہ اس کا تعلق کرہ ارض پر رونما ہونے والی آب وہوا کی تبدیلیوں اور زمین کے درجہ حرارت میں مسلسل اضافے سے ہوسکتا ہے۔
XS
SM
MD
LG