رسائی کے لنکس

اسکاٹش حکومت تمام بچوں کو لائبریری کارڈ جاری کرے گی


برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں تمام بچےجلد ہی نئی حکومت کے منصوبے کے تحت خود کار طریقے سے لائبریری کی رکنیت حاصل کر سکیں گے۔

دنیا بھر میں کتب بینی کا رجحان کم ہوتا جا رہا ہے، کتابوں اور رسائل کی جگہ برقی آموزش یا ای لرننگ نے لے لی ہے۔ تاہم اسکاٹش حکومت نے ڈیجیٹل لرننگ کے ساتھ ساتھ بچوں میں کتابیں پڑھنے کا شوق پیدا کرنے کے لیے حال ہی میں ایک منصوبہ پیش کیا ہے، جس کے تحت اسکاٹ لینڈ کے تمام بچوں کو سرکاری طور پر لائبریری کارڈ جاری کیا جائے گا۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں تمام بچے جلد ہی نئی حکومت کے منصوبے کے تحت خود کار طریقے سے لائبریری کی رکنیت حاصل کر سکیں گے۔

منصوبے کو اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا اسٹرجن کی حمایت حاصل ہے اس منصوبے پر 125,000 ڈالر کی لاگت آئے گی۔

نکولا اسٹرجن نے ایک پرائمری اسکول میں منصوبے کے فروغ کےحوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور کہا کہ "لائبریریوں کے ذریعے ہم لوگوں کو با اختیار بنا سکتے ہیں، خاص طور پر محروم علاقوں کے نوجوانوں کو جن کے بارے میں ہم جانتے ہیں کہ وہ شاید خواندگی کی نچلی سطح پر ہو سکتے ہیں۔"

انھوں نے کہا کہ کتابوں اور سیکھنے کے مواد تک رسائی اس بات کو یقینی بنا سکے گی کہ ہر بچے کو مطالعے کے لیے یکساں مواقع حاصل ہیں۔

منصوبےکے تحت تمام اسکاٹش بچوں کو ان کی پیدائش کے وقت یا پھر پرائمری اسکول میں داخلے سے قبل لائبریری کارڈ جاری کیا جائے گا۔

2011ء کی مردم شماری کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں پندرہ برس سے کم عمر بچوں کی تعداد 850,000 ہے اور ملک میں 600 سے زائد لائبریریاں ہیں۔

ایک حالیہ جائزہ رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ برطانیہ میں کمپیوٹر اسکرین پر مطالعہ کرنے والے بچوں کی تعداد روایتی کتابیں، جریدے اور اخبارات پڑھنے والوں سے تجاوز کر گئی ہے۔

اسی طرح امریکی بچوں میں اپنے والدین کی نسبت مطالعہ کا رجحان بہت کم ہے اور ایک حالیہ مطالعے کے مطابق 17 برس کے 45 فیصد امریکی نوجوان اپنے شوق کے لیے سال میں صرف ایک سے دو بار کتب بینی کرتے ہیں۔

اسکاٹش بک ٹرسٹ کی چیف ایگزیکٹیو مارک لیمبرٹ نے کہا کہ مطالعہ اسکاٹش ثقافت میں بہت پہلے سے رچا بسا ہے۔

انھوں نے کہا کہ صرف برطانیہ، امریکہ ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں کتابوں کا مطالعہ یا ہارڈ بک باریڈنگ ڈیجیٹل مطالعے کی طرف سے دباؤ کا شکار ہے۔

محترمہ لیمبرٹ کے مطابق لائبریریاں ضروری ہیں یہ ایک شخص کی انفرادی زندگی، معاشرے اور جمہوریت کے لیے ضروری ہیں۔

تحقیق سےثابت ہوا ہے کہ کتابیں پڑھنے کے ڈیجیٹل مطالعے کے مقابلے میں حیرت انگیز فوائد ہیں ایک دوسرے مطالعے سے پتا چلا ہے کہ کتابیں پڑھنے سے یاداشت مضبوط ہوتی ہے۔

XS
SM
MD
LG