رسائی کے لنکس

امریکہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں کا حامی: ترجمان


فائل
فائل

پاکستان میں فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق آئینی ترمیم کے معاملے پر، محکمہٴخارجہ کی خاتون ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں کا حامی ہے، اور ساتھ ہی، عدالتی چارہ جوئی کے باضابطہ عمل کے اصول کو یقینی بنائے جانے کا خواہاں ہے

محکمہٴخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی پارلیمان کی جانب سے فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق آئینی ترمیم کی منظوری کی خبروں سے وہ آگاہ ہے، اور اِس کے بارے میں مزید تفصیلات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ترجمان نے اِس توقع کا اظہار کیا کہ قانون اور قانونی چارہ جوئی کے عمل کی باضابطہ پاسداری ہوگی۔

بدھ کو اِس معاملے میں ایک سوال پر، خاتون ترجمان جین ساکی نے کہا کہ امریکہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں کا حامی ہے، اور ساتھ ہی، عدالتی چارہ جوئی کے باضابطہ عمل کے اصول کو یقینی بنائے جانے کا خواہاں ہے۔

ادھر، سری لنکا کےعام انتخابات سے متعلق ایک سوال پر، ترجمان نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ، جان کیری نے منگل کو ٹیلی فون پر سری لنکا کے صدر مہندا راجہ پکسا سے گفتگو کی اور ’پُرامن اور منصفانہ ووٹنگ کے انعقاد کی توقع کا اظہار کیا‘۔

بقول ترجمان، ’وزیر خارجہ نے اِس امید کا اظہار کیا کہ سری لنکا میں ہونے والے عام انتخابات پُرامن، آزادانہ، قابل اعتماد اور منصفانہ ہوں گے، جسے یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔‘

جین ساکی نے کہا کہ سری لنکا میں انتخابی مہم کے دوران ہونے والی تشدد کی کارروائیوں کا پتہ ہے، اور توقع کا اظہار کیا کہ دھاندلی سے پاک ووٹنگ اور انتخابی عمل تک مبصرین کی رسائی ممکن بنائی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG