رسائی کے لنکس

خودسوزی کا واقعہ، تبت کا ایک اور شخص ہلاک


حالیہ مہینوں کے دوران خودسوزی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور سرگرم کارکنوں نے تبت میں متعدد چین مخالف ریلیاں نکالی ہیں، باوجود اِس بات کے کہ چین نے علاقے میں سکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کر دیا ہے

ہفتے کے روز تبت سےتعلق رکھنے والا ایک شخص اُس وقت ہلاک ہوا جب تبتی نسل کے علاقوں پر چین کی حکمرانی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اُس نےاپنے آپ کو نذرِ آتش کر دیا۔

فوت ہونے والے شخص کا نام سیبی بتایا جاتا ہے، جس کی عمر 20برس سے زیادہ تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اُس نے مشرقی تبت کے سنگچو علاقے کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ کیا، جہاں اُس کی موت واقع ہوئی۔

تبت کے سرگرم کارکنوں کا کہنا ہے کہ 2013ء میں خودسوزی کا یہ پہلا واقع ہے۔

سنہ 2009سے اب تک تبت پر چین کے اقتدار کے خلاف جاری احتجاج کے دوران خودسوزی کے واقعات میں90سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

حالیہ مہینوں کے دوران اِس عمل میں اضافہ آیا ہے اور سرگرم کارکنوں نے تبت میں متعدد چین مخالف ریلیاں نکالی ہیں، باوجود اِس بات کے کہ چین نے علاقے میں سکیورٹی کےانتظامات کو مزید سخت کر دیا ہے۔

بیجنگ کا کہنا ہے کہ تبت کے خودساختہ جلاوطن راہنما، دلائی لاما نے تبت کے علیحدگی کے مطالبے کو فروغ دینے کے لیے خودسوزی کے عمل کی شہ دی ہے۔

دلائی لاما کا کہنا ہے کہ اُنھوں نے اِن خودکش احتجاجی مظاہروں کی ہمت افزائی کے لیے ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا۔
XS
SM
MD
LG