رسائی کے لنکس

مسلمان امریکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں: سینیٹر مارک وارنر


سینیٹر مارک وارنر ’ایڈمز سنٹر‘ میں نماز ِجمعہ کے بعد مسلمانوں سے خطاب کر رہے تھے۔ سینیٹر وارنر نے اس موقعے پر مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد بھی دی۔

امریکی ریاست ورجینیا میں ’آل ڈیلیس ایریا مسلم سوسائٹی‘ مسلمانوں کے لیے مقامی طور پر ایک بڑا مرکز سمجھا جاتا ہے جسے ایڈمز سنٹر بھی کہا جاتا ہے اور امریکی ریاست ورجینیا کے علاقے سٹرلنگ میں واقع ہے۔ مقامی علاقوں سے مسلمانوں کی ایک بڑی آبادی یہاں آتی ہے۔

ایڈمز سنٹر نہ صرف مسلمانوں کو آپس میں ملانے اور دین کی اشاعت کے لیے کام کر رہا ہے بلکہ ایڈمز سنٹر کی کوشش ہوتی ہے کہ مسلمان کمیونٹی امریکہ کی دیگر کمیونٹیوں کے ساتھ میل جول بڑھائے تاکہ مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ ملے۔

دنیا بھر کی طرح امریکہ میں بھی مسلمان رمضان کی آمد کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اب جبکہ اس ماہ ِ مبارک میں ایک ہی ہفتہ رہ گیا ہے، مسلمانوں نے اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ امریکہ میں بھی رمضان کو پورے ذوق و شوق کے ساتھ منایا جائے اور ماہ ِ مبارک میں جتنا ممکن ہو نیکیاں سمیٹنے کا اہتمام کیا جائے۔

20 جون کو ایڈمز سنٹر میں نماز ِ جمعہ میں بھی ایسا ہی اہتمام کیا گیا اور ریاست ورجینیا کے سینیٹر مارک وارنر کو مدعو کیا گیا۔ سینیٹر وارنر کو مدعو کرنے کا مقصد انہیں مقامی کمیونٹی اور مسلمانوں کے ساتھ رابطہ بڑھانے کا موقع فراہم کرنا تھا۔

ایڈمز سنٹر کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چئیرمین رضوان کا کہنا تھا کہ ایڈمز سنٹر کی جانب سے سینیٹر مارک وارنر کو بلانے کا مقصد امریکہ میں پھیلے اس پیغام کو عام کرنے کی ایک کاوش تھا، جہاں پر مختلف مذاہب کے لوگ باہمی رواداری کے ساتھ اکٹھے رہتے ہیں اور
ایک دوسرے کو امن کے ساتھ رہنے کی تلقین کرتے ہیں۔

سینیٹر وارنر جمعے کے وقت مسجد پہنچے اور انہوں نے وہاں پر تھوڑی دیر کے لیے جمعے کا خطبہ بھی سنا اور اس جمعے کی نماز کے بعد مسلمانوں سے خطاب بھی کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو رمضان کی پیشگی مبارک باد دی۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر وارنر کا کہنا تھا کہ ورجینیا کے مسلمان امریکہ کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مثالی کردار ادا کر رہے ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ ورجینیا میں بسنے والے مسلمان دیگر مذاہب کے ساتھ محبت و اخوت کے ساتھ رہتے ہیں اور دنیا کے لیے ایک مثال ہیں۔
XS
SM
MD
LG