رسائی کے لنکس

ہٹ فلم ’خداگواہ‘ کے سیکوئل کی تیاریاں


امیتابھ اور سری دیوی کے فینز کے لئے خوشگوار سرپرائز یہ ہے کہ جلد ہی وہ اپنے پسندیدہ اسٹارز کو دوبارہ سلور اسکرین پر دیکھ سکیں گے فلم ’خدا گواہ‘ کے سیکوئل میں

فلم ’خدا گواہ‘ سنہ 1992 کی سپرہٹ فلم تھی۔ اس فلم کو سپرہٹ بنانے میں دو گانوں نے بہت بڑا رول ادا کیا۔ یہ گانے تھے: ’تو نہ جا میرے بادشاہ ایک وعدے کے لئے‘ اور ٹائٹل سانگ ’خدا گواہ‘ ۔

ان دونوں گیتوں کو گھر گھر تو سنا ہی گیا، ہر ویگن، ہر بس اور ہر ٹرک میں بھی انہی گیتوں کی گونج سنائی دی۔ پھر سونے پہ سہاگا یہ کہ یہ میگااسٹار امیتابھ بچن اور سری دیوی پر پکچرائز کئے گئے تھے۔ اس لئے فلم ’خدا گواہ‘ صرف پاکستان اور بھارت میں ہی نہیں بلکہ افغانستان میں بھی مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کرتی چلی گئی۔

فلم کی بے مثال کامیابی میں ایک بڑا حصہ امیتابھ اور سری دیوی کی سپر جوڑی کا بھی تھا جسے لوگ بے پناہ پسند کرتے تھے۔ امیتابھ اور سری دیوی کے فینز کے لئے خوشگوار سرپرائز یہ ہے کہ جلد ہی وہ اپنے پسندیدہ اسٹارز کودوبارہ سلور اسکرین پر دیکھ سکیں گے فلم ’خدا گواہ‘ کے سیکوئل میں۔

فلم کے پروڈیوسر منوج ڈیسائی نے بھارتی خبررساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کہا ” افغانستان کے پس منظر میں بنائی گئی ’خدا گواہ‘ بالی وڈ کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی فلموں میں سے ایک ہے ۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ”خدا گواہ “کا سیکوئل بنانے کا انہوں نے فیصلہ کیا جس کے اسکرپٹ پر کام شروع ہوگیا ہے۔ امیت جی سے بات ہوئی ہے اور ان کا رسپانس پازیٹو ہے۔ اسکرپٹ مکمل ہوتے ہی ان سے دوبارہ رابطہ کریں گے۔ امیتابھ جیسے ہی سیکوئل میں کام کرنے کی باقاعدہ حامی بھریں گے اس کے بعد سری دیوی سے بات چیت ہوگی ۔“

امیتابھ بچن اور سری دیوی کے علاوہ نئی نسل کے کئی نوجوان اداکار بھی ’خدا گواہ‘ کے سیکوئل کی کاسٹ کا حصہ ہوں گے۔اگر سب پلان کے مطابق رہا تو فلم آئندہ سال فلورز پر چلی جائے گی۔

سنہ 1992میں بننے والی ’خدا گواہ‘ کی کہانی ایک افغان سردار کی کہانی تھی جو محبت اور انتقام کی کشمکش میں پھنس جاتا ہے۔ امیتابھ بچن کئی ہٹ فلمیں دینے کے بعد آج کل میگا رئیلٹی شو ’کون بننے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی کر رہے ہیں جبکہ سری دیوی نے طویل وقفے کے بعد گذشتہ دنوں سپر ہٹ فلم’ انگلش ونگلش‘ سے بالی وڈ میں دوبارہ دھماکے دار اینٹری دی ہے۔
XS
SM
MD
LG