رسائی کے لنکس

لبنان: شامی صدر کے حامیوں اور مخالفین میں جھڑپِں


فائل
فائل

حکام کے مطابق جمعے کو ہونے والے پرتشدد واقعات میں چار افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے۔ چاروں افراد کو ماہر نشانہ بازوں نے گولیاں مار کر ہلاک کیا۔

شام میں جاری خانہ جنگی کے اثرات نے پڑوسی ملک لبنان کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے جہاں شامی صدر بشار الاسد کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان ہونے والی تازہ جھڑپوں میں سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

تصادم کے تازہ واقعات لبنان کے شہر طرابلس میں پیش آئے ہیں جو شام کی سرحد سے صرف 30 میل کے فاصلے پر ہے۔ شہر کے رہائشیوں کی اکثریت کا تعلق سنی عقیدے سے ہے جن کے صدر بشار الاسد کے ہم عقیدہ علوی باشندوں کے ساتھ جھڑپیں اب معمول بن گئی ہیں۔

حکام کے مطابق جمعے کو شہر میں ہونے والے پرتشدد واقعات میں چار افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے۔ چاروں افراد کو ماہر نشانہ بازوں نے گولیاں مار کر ہلاک کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دیگر تین افراد شہر کے سنی اکثریتی ضلع 'باب التبانہ' اور اس سے متصل علوی محلے 'جبلِ محسن' میں رات بھر جاری رہنےو الی جھڑپوں میں زخمی ہوئے تھے جو جمعے کو دم توڑ گئے۔

کثیر العقیدہ ملک لبنان کی آبادی شام میں جاری خانہ جنگی پر انتہائی تقسیم کا شکار ہے۔ شیعہ مسلح تنظیم 'حزب اللہ' اور اس کی اتحادی جماعتیں شام کے صدر بشار الاسد کی حمایت کر رہی ہیں جب کہ ملک کی بیشتر سنی آبادی کی ہمدردیاں باغیوں کےساتھ ہیں۔

طرابلس میں آباد سنی اور علوی ماضی میں بھی لڑتے رہے ہیں لیکن شام میں خانہ جنگی کے آغاز کے بعد سے ان کی دشمنیاں شدید نوعیت اختیار کر گئی ہیں۔

دونوں مسالک ایک دوسرے پر سرحد پار اپنے حامیوں کو ہتھیار اور جنگجوں فراہم کرنے اور ان سے مدد حاصل کرنے کا الزام عائد کرتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG