رسائی کے لنکس

بھارتی کشمیر: جنازے کے شرکا اور پولیس میں جھڑپ، درجنوں زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سری نگر کے مرکزی قبرستان کے قریب ہونے والی اس جھڑپ کے دوران دو خواتین کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ہفتہ کو سکیورٹی فورسز اور ایک نوجوان کے جنازے میں شریک افراد کے درمیان جھڑپ سے کم ازکم 30 افراد زخمی ہوگئے۔

جمعہ کو اس نوجوان کی ہلاکت کا الزام اس کے لواحقین نے پولیس پر عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سری نگر میں دوران حراست پولیس کے تشدد سے موت کا شکار ہوا۔

ہفتہ کو اس لڑکے کے جنازے میں سیکڑوں افراد شریک تھے اور عینی شاہدین کے مطابق پولیس اور نیم فوجی اہلکاروں نے سوگواران کو مظاہرہ کرنے سے روکا۔

اس دوران بعض مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس پر سکیورٹی فورسز نے آنسو گیس کے علاوہ پیلٹ گن (چَھرے والی بندوق) کا استعمال کیا۔

سری نگر کے مرکزی قبرستان کے قریب ہونے والی اس جھڑپ کے دوران دو خواتین کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

یہ لڑکا گزشتہ ہفتے سے لاپتا تھا اور ایک روز قبل ہی یہ بیہوشی کی حالت میں ایک ویرانے سے ملا جسے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔

اس کے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ اسے پولیس نے حراست میں لیا تھا اور اس پر تشدد کرنے کے علاوہ اسے زہر بھی دیا گیا۔

تاہم پولیس نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لڑکے نے خود زہر کھا لیا تھا۔

گزشتہ جولائی میں ایک علیحدگی پسند کشمیری نوجوان برہان وانی کی سکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں ہلاکت کے بعد سے بھارتی کشمیر میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں

اب تک مظاہرین اور سکیورٹی فورسز میں آئے روز ہونے والی جھڑپوں میں ایک سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG