رسائی کے لنکس

ڈسکوری چینل شاہ رخ خان کی ذاتی زندگی پر دستاویزی فلم بنائے گا


ڈسکوری چینل شاہ رخ خان کی ذاتی زندگی پر دستاویزی فلم بنائے گا
ڈسکوری چینل شاہ رخ خان کی ذاتی زندگی پر دستاویزی فلم بنائے گا

ہندی فلم انڈسٹری کے بادشاہ شاہ رخ خان اِن دنوں سوشل ویب سائٹ ٹوٹر پر چھائے ہوئے ہیں۔ شاہ رخ کے سینکڑوں شیدائی اب بہت جلد اُن کی زندگی کے اَن دیکھے انجانے پہلوؤں کو اپنے ڈرائینگ روم میں دیکھ سکے گے۔ اگر آپ کو کنگ خان کی روز مرہ کی نجی زندگی کی ہلچل سے روبرو ہونا ہے تو 26 فروری کے روز رات نو بجے ٹیلی ویژن پر ڈِسکوری کے ’ٹریول اینڈ لیوینگ‘ چینل کو دیکھنا نہ بھولیے گا۔ جی ہاں ڈسکوری پر شاہ رخ کی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم ’لیوِینگ وِتھ اے سپر سٹار، شاہ رخ خان’ کو فروری کے آخری ہفتے میں نشر کیا جائے گا۔

دس قسطوں پر مشتمل اِس دستاویزی فلم میں 44 سالہ شاہ رخ کی ذاتی زندگی کے چنندہ باب عام آدمی کے سامنے کھلی کتاب کی طرح پیش کیے جائیں گے۔ شاہ رخ کے اُن کی اہلیہ گوری، دو بچے آریان اور سہانا کے علاوہ اپنی بہن کے ساتھ بتائے گئے کچھ خاص لمحوں کو لوگوں کے سامنے پیش کیا جائےگا۔

شاہ رخ کی فیملی کے علاوہ اُن کے خاص دوستوں کو بھی اِس دستاویزی فلم میں شامل کیا گیا ہے، اور اگر دوستوں کا ذکر ہو تو بھلا فلم ساز کرن جوہر اور جوہی چاولا کنگ خان کے ساتھ نہ ہوں ایسا تو ہو ہی نہیں سکتا۔

شاہ رخ کی کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمینٹ کے اشتراک سے بنائی گئی اِس ڈاکیومینٹری فلم کے ذریعے بالی وڈ کے اِس نامور ستارے نے پہلی بار اپنی زندگی کے غم، خوشی اور خوف جیسے ان گنت جذباتوں کے تعلق سےسنیمابینوں کے سامنے گفتگو کی ہے۔

ڈسکوری نیٹ ورک کے ایشیا پیسیفیک کے سینیئر نائب صدر اور جنرل مینیجر راہول جوہری کے مطابق گزشتہ سال مارچ سے دوبئی، سان فرانسسکو، سان ہوزے، لندن، دہلی اور ممبئی شاہ رخ جہاں بھی گئے ڈسکوری چینل نےوہاں پہنچ کر اِس فلم کے لیے اُن کی اصل زندگی کے یادگار لمحات کو کیمرے میں قید کرنے کی کوشش کی ہے۔

واضح رہے کہ ڈسکوری چینل پر نشر کی جانے والی اِس دستاویزی فلم کا ٹریلر ٹیلی ویژن پر دکھایا جارہا ہے۔ ٹیلی ویژن سیریل فوجی سے شروع ہوئے فلمی سفر سے لے کر اگلے ماہ ریلیز ہونے والی نئی فلم ’مائی نیم از خان‘ کے درمیان کے طویل سفر کی کہانی خود شاہ رخ کی زبانی سننے اور دیکھنے کے لیے بچے، بوڑھے اور جوان سبھی بےچین ہیں۔

XS
SM
MD
LG