رسائی کے لنکس

’شاہ رخ خان کے والد تحریکِ آزادی کے ہیرو تھے‘


’شاہ رخ خان کے والد تحریکِ آزادی کے ہیرو تھے‘
’شاہ رخ خان کے والد تحریکِ آزادی کے ہیرو تھے‘

شاہ رخ کے والد میر تاج محمد کے ساتھی ترلوچن سنگھ نے یہ انکشاف کیا ہے کہ شاہ رخ کے والد نے ہندوستان کی تحریکِ آزادی میں سرگرمی سے حصہ لیا تھا۔

ایسے وقت میں ایک شخص شاہ رخ کی حمایت میں اٹھ کھڑا ہوا ہے جب ممبئی میں ہندو فرقہ پرست تنظیم شیو سینا کی جانب سے بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے خلاف زبردست مہم جاری ہے اور آئی پی یل لیگ میچز میں پاکستانی کھلاڑیوں کو نہ کھلانے کے فیصلے کی مخالفت کی بنا پر انھیں ملک کا غدار کہا جا رہا ہے۔ یوں تو کئی افراد نے شاہ رخ کی طرف داری کی ہے لیکن جس شخص کا آج ہم ذکر کرنے جا رہے ہیں وہ نہ صرف ہندو ہے بلکہ وہ شاہ رخ کے خاندان سے کافی قریب بھی ہے۔

یہ ہیں ترلوچن سنگھ، جنھوں نے ایسے انکشافات کیے ہیں کہ شاہ رخ پر انگشت نمائی کرنے والوں کے سر شرم سے جھک جائیں گے۔ترلوچن سنگھ شاہ رخ کے والد میر تاج محمد کے ساتھی تھے اور دونوں نے بھارت کی آزادی کی تحریک میں ایک ساتھ حصہ لیا تھا۔شاہ رخ کے خاندان کا تعلق پشاور سے ہے اور ملک کی تقسیم کے بعد ان کے والد بھارت کے شہر دلی منتقل ہو گئے تھے۔

ترلوچن سنگھ لکھتے ہیں کہ شاہ رخ کو غدار کہنے والوں نے دراصل مجاہدینِ آزادی کی توہین کی ہے۔

پاکستانی کھلاڑیوں کی حمایت پر شیو سینا شاہ رخ کو ملک دشمن ثابت کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن1942ء کی ہندوستان چھوڑ دو تحریک کے دوران شاہ رخ کے تایا غلام محمد گاما پشاور میں اس تحریک کی قیادت کر رہے تھے۔ لوگ غلام محمد گاما کی حب الوطنی کی قسمیں کھاتے تھے اور ان کے ایک اشارے پر جان کی قربانی کے لیے بھی تیار ہو جاتے۔ تحریک آزادی کے ہیرو غلام محمد گاما آج شیوسیناکے ’ولین‘ شاہ رخ خاں کے تایا تھے۔اس خاندان نے ملک کی آزادی کے لیے قربانیاں دی ہیں۔

شاہ رخ کے والد میر تاج محمد نے بھی کئی تحریکوں میں حصہ لیا، لاٹھیاں کھائیں، جیل کی صعوبتیں برداشت کیں۔ترلوچن سنگھ کے مطابق ہندوستان چھوڑو تحریک کو پشاور کی ہر گلی تک پہنچانے کا کام غلام محمد گاما نے کیا تھا۔ان کی تقاریر میں ایسا سحر تھا کہ نوجوان تعلیم چھوڑ کر ان کے ساتھ شامل ہو جاتے تھے۔انگریزوں نے گاما کو خطرہ تصور کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا۔اس کے باوجود پشاور کی گلیوں میں ’انگریزو بھارت چھوڑو‘ کی آواز دھیمی نہیں ہوئی کیوں کہ گاما کے چھوٹے بھائی میر تاج محمد نے جو شاہ رخ خاں کے والد ہیں، تحریک کی کمان سنبھال لی۔ترلوچن سنگھ نے تاج محمد کے ساتھ جیل کی سزا کاٹی۔ان کے مطابق جنگ آزادی میں ان پر پڑنے والی کتنی ہی لاٹھیاں تاج محمد نے اپنے جسم پر کھائیں۔چوں کہ گاما قیام پاکستان کے خلا ف تھے، لہٰذا پاکستان کے قیام کے بعد بھی آٹھ برسوں تک انہیں جیل میں رکھا گیا۔بعد میں یہ خاندان دلی منتقل ہو گیا۔

ترلوچن سنگھ کہتے ہیں کہ ملک کے لیے قربانیاں دینے والے اس خاندان کے فرد کو غدار کہنے والوں کو دل پر ہاتھ رکھ کر سوچنا چاہیئے کہ وہ خود کتنے ہندوستانی ہیں جو مجاہدینِ آزادی کی توہین کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG