رسائی کے لنکس

شاہ رخ کی فلم ریلیز نہیں ہونے دیں گے: شیو سینا


شاہ رخ کی فلم ریلیز نہیں ہونے دیں گے: شیو سینا

شاہ رخ کی فلم ریلیز نہیں ہونے دیں گے: شیو سینا

گذشتہ دو ہفتوں سے مہاراشٹر کی سیاسی جماعت شیوسینا کے بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان کی نئی فلم ’مائی نیم اِز خان‘ کے خلاف جاری پر تشدد احتجاجی مہم پر لگام کسنے کے لیے بدھ کی صبح تک ممبئی پولیس نے ایک ہزار سے زائد شیوسینا کے اراکین کو گرفتار کر لیا ہے۔

فلم ٹریڈ تجزیہ کار کومل ناہٹا نے اردو وی او اے سے بات کرتے ہوئے تخمینہ لگایا ہے کہ اگر شاہ رخ کی فلم ممبئی میں ریلیز نہیں ہوتی تو فلم کے کُل منافعے میں تقریباً 30 فی صد کی کمی آئے گی۔

خیال رہے کہ شاہ رخ کی نئی فلم ’مائی نیم از خان‘ ممبئی کے 63 سنیماگھروں سمیت پورے بھارت میں جمعہ 12 فروری کو نمائش کے لیے پیش کی جانے والی ہے۔ تاہم ممبئی کے متعدد سنیماگھروں پر ہونے والے حملوں کو دیکھتے ہوئے ملٹی پلیکس تھیئٹر مالکان نے شہر میں فلم کی ایڈوانس بکنگ پر بھی پابندی لگا دی ہے۔

انڈین پریمیئر لیگ نیلامی میں پاکستانی کھلاڑیوں کی بولی نہ لگنے پر شاہ رخ نے پاکستانی کھلاڑیوں کی حمایت میں بیان دے کر شیوسینا سربراہ بال ٹھاکرے کی ناراضگی مول لی ہے۔ کنگ خان کے بیان سے ناراض شیوسینا چاہتی ہے کہ شاہ رخ ممبئی کی عوام سے معافی مانگیں۔ لیکن شاہ رخ اِس بات پر اڑے ہوئے ہیں کہ انہوں نے ایسا کچھ نہیں کہا جس کے لیے انہیں شرمندہ ہونا پڑے۔

شاہ رخ کی نئی فلم ’مائی نیم اِز خان‘ کی نمائش شیوسینا اور ریاست کی حکمران جماعت کانگریس دونوں کے لیے سیاسی مسئلہ بن چکا ہے۔ فلم کی ریلیز پر چھائی غیریقینی کو دور کرنے اور شہر میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے بالی وڈ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سینکڑوں کی تعداد میں پولیس اہل کار ممبئی شہر کے سنیماگھروں کے تحفظ کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔

دوسری طرف شیوسینا ’مائی نیم از خان‘ فلم کی ریلیز کو روکنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے۔ شیوسینا کے رہنما اور مراٹھی اخبار سامنا کے مدیر سنجے راوت نے بدھ کے روز کھلے طور پر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلم کی ریلیز کو روکنے کے لیے ہم کس حد تک جاسکتے ہیں، یہ شیوسینا 12فروری کو دکھائے گی۔

شیوسینا کی جانب سے اپنی فلم پر ہونے والے تازہ حملوں پر شاہ رخ نے اب تک اپنا کوئی ردِعمل نہیں ظاہر کیا ہے۔ شاہ رخ، کاجول اور کرن جوہر فلم مائی نیم از خان کے ورلڈ پریمیئر کے لیے اِس وقت متحدہ عرب امارات میں ہیں۔

سیاسی رسہ کشی کا شکار ہونے والی شاہ رخ کی نئی فلم کو دیکھنے کے لیے ممبئی کا عام آدمی بھلے ہی بےچین ہو، پر 11 سمتبر کے امریکی حملے کے پس منظر میں بنی فلم ساز کرن جوہر کی بڑے بجٹ کی فلم مائی نیم از خان ممبئی کے سنیماگھروں میں ریلیز ہو پائے گی یا نہیں، اِس کا جواب فی الحال شاید ممبئی پولیس کے پاس بھی نہیں ہے۔

مہاراشٹر کے وزیرِاعلیٰ نے بھی عوام سےاپیل کی ہے کہ وہ بناکسی خوف اور ڈر کے فلم کو دیکھنے کے لیے سینما گھروں میں جائیں۔

واضح رہے کہ مائی نیم از خان بالی وڈ کی پہلی فلم بن گئی ہے جو بین الاقوامی سطح پر سب سے زیادہ پرنٹس کے ساتھ بڑے پیمانے پر ریلیز کی جا رہی ہے۔ فلم ناقدین شاہ رخ کی نئی فلم کی دل کھول کر تعریف کر رہے ہیں، پر سنیمابین اِس فلم سے کتنا لطف اندوز ہوں گے، یہ جمعے کے دن واضح ہو جائے گا۔

XS
SM
MD
LG