رسائی کے لنکس

پاکستانی کھلاڑیوں کی حمایت کرنے پر شیو سینا کی شاہ رُخ کے خلاف تنقیدی مہم


شاہ رُخ خان
شاہ رُخ خان


انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھلاڑیوں کی نیلامی کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ہونے والے بائیکاٹ کے خلاف آواز بلند کرنے پر بالی وڈ سُپر سٹار شاہ رُخ خان کو مہاراشٹر کی جماعت شیو سینا کی برہمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

جمعے کے روز ممبئی کے قریب تھانہ علاقے میں شاہ رُخ کی ریلیز ہونے والی نئی فلم ‘مائی نیم اِز خان’ کے پوسٹروں کو پھاڑ کر شیو سینا کے اراکین نے شاہ رُخ کے اُس بیان پر اپنا احتجاج جتایا جِس میں اُنھوں نے کہا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں حصہ لینے کی اجازت ملنی چاہیئے تھی۔

خیال رہے کہ ‘کولکتہ نائٹ رائڈرز’ ٹیم کے مالک شاہ رُخ نے کہا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی بولی نہ لگائے جانے کے پورے معاملے کو آئی پی ایل پُر وقار طریقے سے سلجھا سکتا تھا۔

شاہ رُخ کے اِس بیان پر شیو سینا پارٹی کے ترجمان سنجے راوت نے کہا کہ شاہ رُخ کے بیان کا تعلق اُن کے مذہب سے ہے، اور یہ شاہ رُخ نہیں بلکہ اُن کے اندر کا خان بول رہا ہے۔

راوت کا کہنا تھا کہ بڑے صاحب کا حکم ہے کہ پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل میں حصہ نہیں لیں گے اور شاہ رُخ چاہیں تو وہ جا کر لاہور، کراچی یا اسلام آباد میں رہ سکتے ہیں، ممبئی میں اُن کی ضرورت نہیں۔

اُنھوں نے یہ بھی دھمکی دی ہے کہ شاہ رُخ کی فلم ‘مائی نیم اِز خان’ کی نمائش نہیں ہونے دی جائے گی۔

لیکن بالی وڈ کے دوسرے مقبول اداکار عامر خان نے شاہ رُخ کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرحدیں انسانوں کی بنائی ہوئی ہیں اور ایک اچھے کھلاڑی کا تعلق چاہے کسی بھی ملک سے کیوں نہ ہو لیکن وہ اُسے اپنی ٹیم میں شامل کریں گے۔

XS
SM
MD
LG