رسائی کے لنکس

ششانک منوہر آئی سی سی کے بلامقابلہ نئے چیئرمین منتخب


ششانک منوہر نے ایک بیان میں کہا کہ وہ "کرکٹ کے مستقبل کو استوار کرنے کے لیے تمام فریقین سے مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔"

بھارت سے تعلق رکھنے والے ششانک منوہر کرکٹ کی عالمی تنظیم "آئی سی سی " کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔

آئی سی سی کی گورننگ باڈی کی طرف سے جمعرات کو جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ انھیں متفقہ طور پر چیئرمین منتخب کیا گیا۔

ششانک منوہر نے منگل کو بھارت کے کرکٹ بورڈ کے سربراہ کے عہدے سے استعفی دیا تھا اور اب وہ دو سال کے لیے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

آئی سی سی کا گورننگ باڈی کا اجلاس دبئی میں ہوا۔ اصلاحات کے بعد کرکٹ کی اس عالمی تنظیم میں صدر کا عہدہ ختم کر دیا گیا ہے۔

58 سالہ ششانک منوہر نے ایک بیان میں کہا کہ اپنے انتخاب پر تنظیم کے تمام ڈائریکٹرز کا ان پر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ "کرکٹ کے مستقبل کو استوار کرنے کے لیے تمام فریقین سے مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔"

ششانک پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں جب کہ وہ دو بار بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر بھی رہ چکے ہیں جس دوران ان کی ساکھ ایک شفاف منتظم کے طور پر دیکھی گئی۔

وہ 2008ء سے 2011ء تک بھارتی بورڈ کے صدر رہے جس کے بعد گزشتہ سال بورڈ کے صدر جگموہن ڈالمیا کے انتقال سے خالی ہونے والے اس منصب پر انھیں ایک بار پھر منتخب کر لیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG