رسائی کے لنکس

بیٹی کو سلور اسکرین پر دیکھ کر فخر ہوگا: کنگ خان


’مجھے امید ہے کہ سہانہ ایکٹریس بنے گی۔ اگر واقعی ایسا ہوا، تو مجھے بہت فخر محسوس ہو گا۔ ضرورت پڑی تو میں اس کے لئے فلم بھی بناوٴں گا‘

بھارتی فلم انڈسٹری کے بادشاہ شاہ رخ خان اپنی ’کھلی ڈھلی‘ باتوں کی وجہ سے بھی میڈیا میں فیورٹ ہیں۔ گفتگو کے دوران ہلکے پھلکے مذاق سے محفل لوٹ لینے والے شاہ رخ اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بھی کھل کر بات کرتے ہیں اور بالکل نہیں ہچکچاتے۔

’ہندوستان ٹائمز ‘کے مطابق، شاہ رخ خان سے ایک تقریب میں ان کے بچوں کے کیرئیر کے بارے میں سوال کیا گیا تو شاہ رخ نے یہ کہہ کر سب کو خوشگوار جھٹکا دیا کہ اگر میری بیٹی نے فلموں میں کام کرنا پسند کیا اور وہ ایکٹریس بنی تو اسے بڑے پردے پر دیکھ کر خوشی اور فخر ہوگا۔

’مجھے امید ہے کہ سہانہ ایکٹریس بنے گی۔ اگر واقعی ایسا ہوا تو مجھے بہت فخر محسوس ہو گا۔ ضرورت پڑی تو میں اس کے لئے فلم بھی بناوٴں گا۔‘

بیس سال سے زائد عرصہ بالی وڈ میں گزار کر اور ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ جیسی ریکارڈ بنانے والی فلم سے لیکر ’دل تو پاگل ہے‘ اور ’چک دے انڈیا‘ جیسی بہت سی میگا ہٹس اپنے کریڈیٹ پر رکھنے والے شاہ رخ خان کابیٹی کے بارے میں دیا جانے والا یہ بیان حقیقت میں ان کی طرف سے بالی وڈ کو ’خراج تحسین‘ کےطور پر بھی لیا جا رہا ہے۔

شاہ رخ کی 12 سالہ بیٹی سہانہ ہر تقریب میں اپنے سلیبرٹی والدین کے ساتھ نمایاں نظر آتی ہے، جبکہ بیٹا ’آریان‘ لند ن میں تعلیم حاصل کر رہا ہے۔

شاہ رخ تسلیم کرتے ہیں کہ ان کی پرسکون زندگی کا کریڈٹ ان کی بیوی گوری کو جاتا ہے۔

’ہماری شادی کو 21سال ہو گئے ہیں۔ اس سارے عرصے میں گوری نے میری فیملی کو بہت عمدہ طریقے سے سنبھالا۔ وہ بہت اچھی ہے۔ میں اپنی نجی زندگی کے بارے میں زیادہ بات نہیں کرتا لیکن سچ تو یہ ہے کہ گوری ایک بہت اچھی انسان ہی‘

کنگ خان کا کہنا ہے کہ، ’خواتین اس بات کی مستحق ہوتی ہیں کہ انہیں عزت اور محبت دی جائے، کیونکہ مرد کی کامیابی کے پیچھے عورت کا بہت ہاتھ ہوتا ہے۔‘
XS
SM
MD
LG