رسائی کے لنکس

شائستہ لودھی تحفظ کی غرض سے قطر چلی گئیں


انہیں مبینہ طور پر غیر تہذیبی انداز اور دینی تقاضوں کو نظر انداز کرکے ایک منقبت پیش کرنے پر مسلسل تنقید کا سامنا تھا۔ ’ایکسپریس نیوز‘ کا کہنا ہے کہ ملک سے روانگی کے وقت اپنی شناخت چھپانے کے لئے انہوں نے عبایا پہنا ہوا تھا

پاکستانی نجی وی چینل ’جیو‘ کے مارننگ شو ’اٹھو جاگو پاکستان‘ کی میزبان، شائستہ لودھی تحفظ کی غرض سے قطر چلی گئی ہیں۔ اس بات کا دعویٰ ایک اور نجی ٹی وی چینل ’ایکسپریس نیوز‘ کے اینکر، عمران خان نے اپنی میزبانی میں دکھائے جانے والے پروگرام ’تکرار‘ میں کیا ہے۔

شائستہ کو اپنے پروگرام کے دوران ایک منقبت غیر تہذیبی انداز میں پیش کرنے پر مسلسل تنقید کا سامنا تھا۔ بعض مذہبی تنظیموں کاکہنا ہے کہ انہوں نے منقبت پیش کرتے وقت دینی تقاضوں کو نظرانداز کیا، جس سے ان کے دلی جذبات کو ٹھیس پہنچی۔

مذکورہ پروگرام میں فلم اور ٹی وی ایکٹریس وینا ملک اور ان کے شوہر اسد خٹک کو بھی مدعو کیا گیا تھا، جس میں ان کی شادی کی تقریب کو آن کیمرہ پکچرائز کیا گیا تھا۔

’ہپ ان پاکستان‘ نامی ویب سائٹ کے مطابق عمران خان نے اپنے پروگرام ’تکرار‘ میں بتایا ہے کہ شادی کی تقریب میں دینی منقبت کی غیر ارادی طور پر کی جانے والی عکس بندی کی غلطی پر شائستہ لودھی آن کیمرا معذرت کر چکی تھیں۔ لیکن، مسلسل تنقید، ان کے خلاف مقدمات اور مبینہ طور پر نامعلوم افراد کی دھمکیوں سے بچنے کے لئے وہ قطر چلی گئیں۔

پروگرام ’تکرار‘ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ شائستہ لودھی’گلف ائیرویز‘ کی پرواز کے ذریعے ملک سے روانہ ہوئیں، جبکہ انہوں نے اپنی شناخت چھپانے کے لئے عبایا پہنا ہوا تھا۔

دوسری جانب، وینا ملک اور اسد خٹک کے بارے میں بھی یہ اطلاعات گردش کر رہی ہیں کہ وہ بھی بیرون ملک چلے گئے ہیں۔
XS
SM
MD
LG