رسائی کے لنکس

ٹوئٹر تنازع ختم، بھارتی وزیر کی اپنی بیوی سے صلح ہوگئی


اس حوالے سے، ششی تھرور اور سونندا تھرور نے جمعرات کو باضابطہ ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ان کا اکاوٴنٹ ہیک ہوگیا تھا، جس سے کچھ غیر مجاز ٹوئٹس پوسٹ کی گئی تھیں

کراچی ... بھارت میں سوشل میڈیا ویب سائٹ، ’ٹوئٹر‘ پر بھارتی وزیر ششی تھرور اور ان کی بیوی سونندا تھرور کے درمیان چھڑنے والا تنازع آخر کار ختم ہوگیا ہے۔ سونندا پشکر تھروو نے جمعرات کو اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’تنازع ختم ہوگیا۔ اب ہم دونوں بخوشی اکٹھے رہ رہے ہیں۔‘

ایک انگریزی ویب سائٹ، ’ڈیلی نیوز اینڈ اینالیسز‘ کا بھارتی خبر رساں ادارے ’انڈو ایشین نیوز سروس‘ کے حوالے سے کہنا ہے کہ ششی تھرور اور سونندا تھرور نے اس حوالے سے جمعرات کو باضابطہ ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ان کا اکاوٴنٹ ہیک ہوگیا تھا، جس سے کچھ غیر مجازٹوئٹس پوسٹ کی گئی تھیں۔ اب یہ معاملہ سلجھ گیا ہے اور ہم بخوشی ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔

اس سے قبل، ایک انگریزی اخبار، ’اکنامک ٹائمز‘ کو انٹرویو میں سونندا نے انکشاف کیا تھا کہ مبینہ طور پر اُن کے شوہر ششی تھرور کا ایک پاکستانی صحافی مہر تارڑ سے افیئر چل رہا ہے۔ سونندا کا یہ بھی کہنا تھا کہ، ’انہوں نے اپنے شوہر کے اکاوٴنٹ سے مہر تارڑ کو ٹوئٹس کی تھیں، جن کا مقصد اس معاشقے کی تہہ تک پہنچنا تھا‘۔

سونندا کے اس انکشاف کو بھارتی اخبارات نے بھی بڑھ چڑھ کر جگہ دی، حتیٰ کہ سونندا کی جانب سے ارسال کی جانے والی ٹوئٹس کی تصاویر بھی شائع کیں۔ ان میں ششی کی وہ ٹوئٹس بھی شامل ہیں، جن میں انہوں نے مہر سے اظہار محبت کیا ہے۔ سونندا نے ایک اور بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کو انٹرویو میں سونندا نے کہا تھا کہ وہ ششی سے طلاق لے لیں گی۔

سونندا، 57سالہ ششی تھرور کی تیسری بیوی ہیں۔ ششی تھرور وزارت افرادی قوت کے وزیر ہیں۔ دونوں کی شادی سنہ 2010ء میں ہوئی تھی۔ سونندا شادی سے قبل دبئی میں اپنا ذاتی کاروبار کرتی تھیں، جبکہ ششی کے پاس بھارت کے ساتھ ساتھ برطانوی شہرت بھی ہے۔

ادھر، بتایا جاتا ہے کہ مہر تارڑ نے بھی ’ٹائمز ناوٴ‘ کو ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ وہ سونندا کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی۔
XS
SM
MD
LG