رسائی کے لنکس

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی کی راہ میں تمام رکاوٹیں ختم


شعیب ملک
شعیب ملک

پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی شادی کی راہ میں اب کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہی

مسلم سماج کی بااثر شخصیتوں کی مصالحت پر شعیب ملک اور عائشہ صدیقی کے درمیان جاری تنازع خوش گوار انداز میں حل ہوگیا ہے، اور شعیب نے آخرِ کار بدھ کے دِن کاغذات پر دستخط کرکے عائشہ صدیقی کو باضابطہ طلاق دے دی ۔

گذشتہ ایک ہفتے سے قومی اور بین الاقوامی میڈیا پرچھائے ہوئے شادی کے اِس تنازع کا خاتمہ ہوا اور شعیب کے خلاف پولیس میں کی گئی شکایت سے بھی دست برداری اختیار کر لی گئی۔

میڈیا میں مسلمانوں اور اسلام کے خلاف مبینہ مہم کو روکنے کے لیے ، مسلمانوں کی بعض سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیتوں نے دو دِن پہلے مصالحتی کوششوں کا آغاز کیا تھا۔

منگل کی رات بھر اِن معزز اشخاص نے شعیب اختر، ثانیہ مرزا کے والد عمران مرزا اور عائشہ صدیقی کے والد ایم اے صدیقی کے ساتھ بات چیت کی۔ آخرِ کار تینوں نے اِس تنازع کے حل کے لیے فیصلہ معززیں پر چھوڑ دیا۔

تمام حالات اور دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد معززین نے شعیب ملک کو اِس بات پر راضی کیا کہ وہ عائشہ صدیقی کو طلاق دیں۔ اِس طرح، صبح سات اور آٹھ بجے کے درمیان شعیب ملک نے قاضی عظیم اللہ اور گواہوں کی موجودگی میں طلاق کے کاغذات پر دستخط کیے۔

شرعی اعتبار سے تین ماہ کے گزارے کے طور پر ہر ماہ 5000روپے کے حساب سے شعیب ملک نے 15000روپے بھی ادا کیے، اور عائشہ صدیقی کی رضامندی سے اِن امور کی تکمیل کی گئی۔ طلاق کے مرحلے کی تکمیل کے بعد عائشہ صدیقی کے والد اور مصالحت کاروں نے پولیس کمشنر عبد القیوم خان سے ملاقات کی اور شعیب ملک کے خلاف درج کردہ مقدمے سے دست برداری کے بارے میں عائشہ صدیقی کی جانب سے دستاویز حوالے کیا۔

اِسی دوران، عائشہ صدیقی کی والدہ فریدہ صدیقی نے کہا کہ اُن کی لڑکی کو انصاف ملا ہے اور وہ اِس معاہدے پر خوش ہیں۔

عائشہ صدیقی کا خاندان شعیب ملک سے طلاق کا مطالبہ کر رہا تھا۔ اِس تنازع کے خاتمے کے بعد ثانیہ مرزا کے خاندان نے بھی سکون کا سانس لیا۔

اِس وقت، 15اپریل کو منعقد ہونے والی شادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ شعیب ملک کے افرادِ خاندان کو توقع ہے کہ وہ دودِن میں پاکستان سے حیدرآباد پہنچ جائیں گے۔

اِسی دوران، اِس معاہدے پر مصالحت کاروں اور عائشہ صدیقی کے گھر والوں نے میڈیا سے بات چیت کی ، جب کہ شعیب ملک نے اور ثانیہ مرزا کے خاندان والوں نے تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

XS
SM
MD
LG