رسائی کے لنکس

شعیب اورثانیہ کی جوڑی خیر سگالی سفیر برائے بہبود آبادی


وفاقی وزیر برائے بہبود آبادی فردوس عاشق اعوان نے اُمید ظاہر کی ہے کہ شعیب ملک اوربھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزاکی شادی پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں بہتری میں مدد دے گی اور اس سے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان روابط کو فروغ ملے گا۔

وفاقی وزیر نے ان خیالا ت کا اظہار بدھ کو بھارت روانگی سے قبل لاہور ائر پورٹ پر صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ وہ اپنے بھارتی ہم منصب کی دعوت پر ایک اجلاس میں شرکت کے لیے جا رہی ہیں اور اس دوران وہ جمعرات کو حیدرآباد میں شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی کی استقبالیہ تقریب میں بھی شرکت کریں گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وہ اس موقع پر شعیب اور ثانیہ کو وزارت بہبود آبادی کا ”خیر سگالی سفیر“ بنانے کا اعلان بھی کریں گی۔ انھوں نے کہا کہ ان دونوں کھلاڑیوں سے پاکستانی عوام کو خصوصی لگاؤ اور محبت ہے اس لیے وہ چاہیں گی کہ یہ جوڑی ملک میں بڑھتی ہوئی آباد ی کو کنٹرول کرنے میں حکومت کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرے۔

خیال رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور ثانیہ کا نکاح اس ہفتہ کے اوائل میں ہو چکا ہے اور جمعرات کو شادی کی استقبالیہ تقریب میں اہم بھارتی شخصیات کے علاوہ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی اور فن کار بھی شرکت کریں گے۔

XS
SM
MD
LG