رسائی کے لنکس

سندھ کابینہ میں ردو بدل، کئی وزراء کے قلمدان تبدیل


شرجیل انعام میمن سے محکمہ اطلاعات اور بلدیات کا قلمدان واپس لے کر سینئر وزیر نثار کھوڑو کو اطلاعات کے ساتھ ساتھ آبپاشی کا قلمدان بھی سونپ دیا گیا ہے۔ مکیش چاولہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیہی ترقی کا قلمدان سنبھالیں گے ،جبکہ محکمہ اطلاعات بھی انہی کی ہدایات کے تابع ہوگا

پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت میں شامل کئی اہم وزراء کے قلمدان تبدیل کردیئے گئے ہیں، جن میں شرجیل میمن، نثار کھوڑو اور مکیش چاوٴلہ شامل ہیں۔

کابینہ میں رد و بدل کا فیصلہ گزشتہ روز دبئی میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں شرکت کی غرض سے وزیر اعلیٰ سندھ سمیت متعدد وزراء کو اچانک دبئی طلب کیا گیا تھا، جبکہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری پہلے سے دبئی میں مقیم تھے۔

وزراء کے قلمدانوں میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن بدھ کو جاری کیا گیا جس کے مطابق شرجیل انعام میمن سے محکمہ اطلاعات اور بلدیات کا قلمدان واپس لے کر سینئر وزیر نثار کھوڑو کو اطلاعات کے ساتھ ساتھ آبپاشی کا قلمدان بھی سونپ دیا گیا ہے۔

اب شرجیل میمن ورکس اینڈ سروسز اور محکمہ آرکائیوز کے وزیر ہوں گے۔ تاہم ناصر شاہ کے حلف اٹھانے تک شرجیل میمن محکمہ بلدیات کے امور کی نگرانی جاری رکھیں گے۔

مکیش چاولہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیہی ترقی کا قلمدان سنبھالیں گے، جبکہ محکمہ اطلاعات بھی انہی کی ہدایات کے تابع ہوگا۔

XS
SM
MD
LG