رسائی کے لنکس

کراچی: سردی میں اضافہ، اسکولوں کی چھٹیاں بڑھا دی گئیں


محکمہٴتعلیم سندھ نے کراچی سمیت صوبے بھر میں سردیوں کی چھٹیوں میں اضافے کا اعلان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہونےوالے مطالبے کے پیشِ نظر کیا ہے

کراچی: سندھ کے محکمہٴتعلیم نے کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث تعلیمی اداروں کی سردیوں کی چھٹیوں میں چھ روز کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر تعلیم سندھ نثار کُھہڑو نے سندھ بھر میں سردیوں کی چھٹیوں میں اضافے کا اعلان نجی اسکولوں کی تنظیم کی جانب سے ہونے والے مطالبے پر کیا ہے۔

نجی چینلز کے مطابق، کراچی میں نجی اسکولوں کیلئے کام کرنے والے ادارے پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ کے چیئرمین شرف الزماں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’کراچی شہر میں ریکارڈ سردی پڑ رہی ہے۔ تعلیمی اداروں کے طلبا بیمار پڑ رہے ہیں۔ سندھ حکومت سردیوں کی چھٹیوں میں اضافہ کرے۔‘

واضح رہے کہ 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک کی سردیوں کی چھٹیوں کے بعد، بدھ یکم جنوری سے تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے۔ تاہم، سردی میں اضافے اور اسکول کا پہلا روز ہونے کے باعث، تعلیمی اداروں میں حاضری معمول سے نہایت ہی کم تھی ایک روز اسکول کھلنے کے بعد، دوبارہ مزید کچھ روز کیلئے بند کر دیے گئے ہیں۔

محکمہٴموسمیات کے مطابق، ملک بھر میں سردی کا ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، جبکہ آئندہ کچھ دنوں میں کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سردی میں شدت آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
XS
SM
MD
LG