رسائی کے لنکس

'مسائل بتائیے'، فوری حل کی کوشش کی جائے گی: حکومت سندھ


حکام کے مطابق، جیسے ہی مذکورہ بالا محکموں سے متعلق عوامی مسائل کے لیے درخواست وصول ہوگی، 'روبوٹک کال‘ کے ذریعے بتایا جائے گا کہ آپ کی درخواست وصول کرلی گئی ہے

حکومت سندھ نے عوامی مسائل کے فوری حل کے لئے نیا نظام متعارف کرانے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے ۔بقول حکام بالا ''نظام بہت آسان اور موثر ہے۔ بس اتنا کیجئے کہ جس محکمے میں عوام کو کوئی مسئلہ درپیش ہو اس کے حل کے لئے درخواست جمع کرایئے، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بذات خود فوری طور پر تیز ترین فیڈ بیک دیں گے''۔

چونکہ نظام ابھی متعارف ہو ہی رہا ہے اس لئے اس کا اطلاق صرف چار محکموں میں ہوگا۔ نظام کو ’ایزی ایفیکٹیو فیڈبیک ریڈریسرل مکینزم‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے تحت جیسے ہی کوئی درخواست گزار اپنے مسئلے کے حل کے لئے درخواست جمع کرائے گا، وزیر اعلیٰ سندھ کی آواز میں یا پھر ایس ایم ایس کے ذریعے اس درخواست پر عملدرآمد کے حوالے سے آگاہی درخواست دہندہ کو موصول ہو جائے گی۔

منصوبے کا آغاز وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں سینئر صوبائی وزیر برائے خزانہ و توانائی سید مراد علی شاہ، چیف سیکریٹری سندھ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور دیگر اہم و متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

سیکریٹری خزانہ سہیل راجپوت نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ ’ایزی ایفیکیٹو فیڈبیک ریڈریسرل مکینزم‘ کے تحت، فنانس ڈپارٹمنٹ میں ایک کال سینٹر قائم کیا گیا ہے جس میں ابتدائی طور پر چار محکموں سے متعلق درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ ان میں پراپرٹی رجسٹریشن، موٹر وہیکل رجسٹریشن، پینشن کی ادائیگی اور میڈیکل ری امبرسمنٹ کے معاملات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جیسے ہی مذکورہ بالا محکموں سے متعلق عوامی مسائل کے لیے درخواست وصول ہوگی اسے’ روبوٹک کال‘ (روبو۔کال) موصول ہوگی جس میں بتایا جائے گا کہ آپ کی درخواست وصول کرلی گئی ہے۔

ساتھ ہی وزیر اعلیٰ سندھ ’روبو کال‘ کے ذریعے درخواست گزار کو اس کی پراپرٹی کی رجسٹریشن، موٹر وہیکل رجسٹریشن، پینشن کی ادائیگی یا میڈیکل اخراجات کی ری امبرسمنٹ کے حوالے سے درخواست کی وصولی کا فیڈبیک دیں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی آواز میں یہ بھی بتایا جائے گا کہ اگر آپ سے کوئی سرکاری ملازم مسائل کے حل کرانے کی غرض سے رشوت مانگ رہا ہے تو وہ فوری طور پر وزیر اعلیٰ کو 9515 پر میسیج کرکے آگاہی دیں۔

XS
SM
MD
LG