رسائی کے لنکس

اسنیپ چیٹ کا کیمرے والا دھوپ کا چشمہ متعارف


کمپنی کا کہنا ہے کہ اسیکٹیکلز ویڈیو کیمرے والے دھوپ کے چشمے ہیں جس سے یادوں کو ریکارڈ کرنا آسان ہوجاتا ہے

فوٹو اور ویڈیو شئیرنگ میسیجنگ ایپ، 'اسنیپ چیٹ' نے کیمرے والے دھوپ کے چشمے متعارف کرانے کا اعلان کیا ہےجسے 'اسپیکٹیکلز' کا نام دیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا ایپ، اسنیپ چیٹ نے ہفتے کے روز ٹیکنالوجی کی دنیا میں اپنی پہلی ڈیوائس متعارف کرائی ہے جو دھوپ کا چشمہ ہےجس میں کیمرے نصب ہیں۔

اس اعلان کے ساتھ ہی کمپنی نے اپنا نام اسنیپ چیٹ سے تبدیل کر کے 'اسنیپ انک' رکھ لیا ہے۔

اسنیپ چیٹ کمپنی کے مالک اور دنیا کے کم عمر خود ساختہ ارب پتی ایوان اسپیگل نے کہا ہے کہ یہ اقدام کمپنی کے مستقبل کی عکاسی کرتا ہے۔

اسنیپ چیٹ کمپنی کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی گذشتہ چند سالوں سے کیمرے کی ایک مکمل طور پر نئی قسم تیار کرنے کی کوششوں میں لگی ہوئی تھی۔

کمپنی کے مطابق ''آپ اپنی کسی اچھی یاد کا تصور کریں جسے واپس ماضی میں جاکر بالکل ویسا ہی دیکھا جاسکتا ہو جیسا کہ آپ مشاہدہ کر چکے ہوں، تو یہ کیسا ہوگا؟ اور یہی وجہ ہےکہ ہم نے اسپیکٹیکلز بنائی ہیں۔''

اسیکٹیکلز ویڈیو کیمرے والے دھوپ کے چشمے ہیں جس سے یادوں کو ریکارڈ کرنا آسان ہوجاتا ہے۔

اسپیکٹیکلز سے ایک وقت میں 30 سکینڈز کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جاسکتی ہے۔

دھوپ کےچشمے میں انتہائی چھوٹے وائرلیس کیمرے نصب کئےگئے ہیں جسے ایک بار چارج کرنے کے بعد دن بھر استعمال کیا جاسکتا ہے اور یہ دھوپ کے چشمے تین مختلف رنگوں میں دستیاب ہوں گے۔

کمپنی کے مطابق، اسپیکٹیکلز 115 ڈگری زاویہ لینس کا استعمال کرتا ہے جس سے سرکلر ویڈیو فارمیٹ میں ریکارڈنگ ہوتی ہیں جنھیں کسی بھی ڈیوائس پر دیکھا جاسکتا ہے۔

اسپیکٹیکلز بلیو ٹوتھ یا وائی فائی کے ذریعے اسنیپ چیٹ ایپ سے منسلک ہوجاتا ہے اور براہ راست آپ کی ویڈیو کو ایپ میں منتقل کرتا ہے۔

دھوپ کے چشمے ریکارڈنگ کے وقت روشن ہو جاتے ہیں جس سے صارفین ریکارڈنگ ہونے یا نا ہونے کے بارے میں جان سکتے ہیں۔

توقع ہے کہ اسپیکٹیکلز رواں سال موسم خزاں میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی جس کی قیمت 130 ڈالر ہوگی۔

اسیکٹیکلز چشمے گوگل عینک سے ملتے جلتے ہیں، دونوں چشموں میں کیمرے نصب ہیں لیکن اسنیپ چیٹ کا دھوپ کا چشمہ صرف آپ کی ویڈیوز بناتا ہے اور ساتھ ہی آپ کی آنکھوں کو دھوپ سے بچاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG