رسائی کے لنکس

صومالی نژاد ڈیزائنرزدنیائے فیشن میں جگہ بنانے کیلیے پرعزم


صومالی نژاد ڈیزائنرز بہنیں اڈیل موھالن (بائیں) اور ایان موھالن
صومالی نژاد ڈیزائنرز بہنیں اڈیل موھالن (بائیں) اور ایان موھالن

مین ہٹن کی چکاچوند اور رنگینیوں سے ماخوذ سال میں دو بار منعقد ہونے والے نیویارک فیشن ویک کو اب ایک تہوار کی حیثیت حاصل ہوچکی ہے۔جہاں اپنی تخلیقات کی نمائش کرنے والے تخلیق کار فیشن ایڈیٹرز اور بڑے بڑے اسٹورز اور بوتیکس سے وابستہ خریداروں کو نت نئے انداز سے تیار کیے گئے پیراہنوں سے لبھانے کی کوششیں کرتے ہیں۔

بڑے بڑے نامی گرامی ڈیزائنرز کی اس بھیڑ میں کسی بھی چھوٹی اور نئی فرم کیلیے اپنی مصنوعات کے قدردان تلاش کرنا خاصا مشکل کام ہے۔ تاہم دو سال پہلے وجود میں آنے والے برانڈ "متانو" سے وابستہ صومالی نژاد ڈیزائنربہنیں اڈیل اور ایان پرامید ہیں کہ ان کے بہار2011 کے ڈیزائنز لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

متانو نے اس سال کے اپنے ملبوسات کی نمائش کیلیے "میوزیم آف ببلیکل آرٹ" جیسے فیشن شوز کیلیے غیر روایتی مقام کا انتخاب کیا ہے۔ صدیوں پرانے انداز کے زیورات پہنے ، میوزیم کے ماحول سے ہم آہنگ، صراحی دار گردنوں کو فخر سے تانے ، دھیرے دھیرے قدموں سے پوڈیم پہ چلتی متانو ماڈلز کو دیکھ کر ہر ایک کو یہ گمان گزرتا ہے کہ جیسے وقت کا پہیہ پیچھے کی جانب گھوم چلا ہے۔

متانو کی شریک تخلیق کار اڈیل مہالم کا کہنا ہے کہ کم بجٹ کی حامل انکی "یہ فیشن نمائش اچھی جارہی ہے"۔ ان کے الفاظ میں اس پذیرائی کی وجہ صرف یہ نہیں کہ وہ اپنا فیشن شو صدیوں پرانے نوادرات اور فن پاروں سے آراستہ ایک میوزیم کے خوابناک ماحول میں کررہی ہیں، بلکہ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ میوزیم لنکن سینٹر سے صرف ایک بلاک کے فاصلے پر ہے جہاں فیشن ویک کی اکثر مرکزی تقریبات منعقد ہورہی ہیں۔

مہالم خاندان سے تعلق رکھنے والی ان دونوں بہنوں نے کالج کی تعلیم سے فارغ ہونے کے کچھ ہی عرصے بعد 2008 میں "متانو" کے نام سے اپنے ذاتی فیشن برانڈ کی داغ بیل ڈالی جس کا صومالی زبان میں مطلب ہے "جڑواں"۔

"متانو" ان دونوں بہنوں کے ایک دیرینہ خواب کی تعبیر ہے۔ 1990 کی دہائی میں جب صومالیہ خانہ جنگی کی لپیٹ میں آیا تو مہالم خاندان نے امریکہ نقل مکانی کرگیا۔ یہی وہ وقت تھا جب صرف نو سال کی عمر میں یہ دونوں جڑواں بہنیں امریکی میگزینز اور ٹی وی شوز میں دکھائے جانے والے ڈیزائنز اور اسٹائلز کے سحر میں گرفتار ہوئیں۔

اڈیل کا کہنا ہے کہ انہوں نے اور ان کی بہن نے انگریزی انہی فیشن میگزینز کو پڑھتے پڑھتے سیکھی۔ تاہم فیشن میگزینز نے انہیں صرف زبان کا ادراک ہی نہیں بخشا۔ ان کے مطابق چھوٹا ہونے کے باوجود انہیں ملبوسات کے وہ انداز ہمیشہ یاد رہے جو انہوں نے اپنے بچپن میں صومالی خواتین کو پہنے دیکھاتھا۔ اب وہ تسلیم کرتی ہیں کہ درحقیقت متانو کے موجودہ ملبوسات کے ڈیزائنز کی بنیاد وہی صومالی انداز ہیں جو ان کے ذہن کے نہاں خانوں میں موجود تھے۔ تاہم انہوں نے ان ملبوسات کو نیویارک کے وہ جدید خطوط بھی بخشے ہیں جن سے وہ ان فیشن میگزینز اور ٹی وی پروگرامز کے ذریعے روشناس ہوئی ہیں۔

دونوں ڈیزائنرز بہنیں نیو یارک کے علاقے بروکلین کے ایک اپارٹمنٹ میں مقیم ہیں۔ یہ اپارٹمنٹ ان کی رہائش بھی ہے اور ان کا دفتر بھی۔ یہیں وہ کمپیوٹرز کی مدد سے نت نئے ڈیزائنز بناتی ہیں اور پھر فیشن ماڈلز کی مدد سے انہیں ملبوسات کی شکل دیتی ہیں۔

اس موسم میں متعارف کرائے گئے ان کے بیشتر ڈیزائنز نسوانی مزاج سے ہم آہنگ ہیں۔ نرم و ملائم اور ہلکے پھلکے ریشم سے بُنے، رنگ برنگے بلائوزز اور پینٹس، جنہیں انہوں نے "صحرائی کونپلوں" کا نام دیا ہے۔

اس سال جولائی میں دونوں ڈیزائنر بہنوں نے سائوتھ افریقہ کا سفر اختیار کیا تھاجہاں جوہانسبرگ میں ہونے والی ایک کیٹ واک میں انہوں نے اپنے برانڈ کے بہار 2011 کے ملبوسات کی نمائش کی۔ مہالم سسٹرز کے مطابق ان کی برانڈ کی جنوبی افریقہ میں ہونے والی غیر متوقع بھرپور پذیرائی نے انہیں مجبور کردیا کہ وہ اپنے تجارتی منصوبے ازسرِ نو ترتیب دیں۔ اپنے اس دورے کے بعد سے اب انہوں نے افریقی خریداروں کی مانگ پوری کرنے پہ خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔

ایان اپنے اس نئے بزنس پلان کے بارے میں کہتی ہیں کہ افریقہ میں ایک ایسی مارکیٹ کی تمام خصوصیات موجود ہیں جن کی بنیاد پر ان کی برانڈ اسے اپنا ہدف بنانا چاہے گی۔ ان کے مطابق افریقی صارفین افریقی ڈیزائنرز کو ترجیح دیتے ہیں، کیونکہ ایان کے خیال میں وہ "اپنےجیسے لوگوں کو اپنے سے زیادہ قریب تصور کرتے ہیں"۔

اس ماہ کے اختتام پر ایڈل اور ایان مہالم اپنے موسمِ بہار کے متانو ملبوسات کی نمائش کیلیے ایتھوپیا اور نائجیریا میں شوز منعقد کررہی ہیں۔ مہالم سسٹرز کا کہنا ہے کہ وہ پرامید ہیں کہ بہت جلد ان کے آبائی ملک صومالیہ میں بھی حالات اتنے بہتر ہوجائینگے کہ وہ اپنا ملک دوبارہ دیکھنے کی اپنی دیرینہ خواہش پوری کرسکیں گی۔

XS
SM
MD
LG