رسائی کے لنکس

صومالی قزاقوں نے ایک اور بحری جہاز ہائی جیک کرلیا


صومالی قزاقوں نے بحر ہند میں سفر کرنے والے ایک اور مال بردار بحری جہاز پر قبضہ کرلیا ہے۔

بحری قزاقی کے انسداد سے متعلق یورپی یونین فورس کا کہناہے کہ ایم وی افریقانہ کو اتوار کے روز جزائر سیشلز کے مغرب میں ہائی جیک کیا گیا۔ ان کا کہناہے کہ بحری جہاز کی نشان دہی کرنے والے طیارے نے اس پر آٹھ افراد کو دیکھنے کی اطلاع دی ہے، جن میں ممکنہ طورپر تین قزاق ہیں۔

یورپی یونین فورس کا کہنا ہے کہ یہ جہاز جزائر سیشلز کی ایک کمپنی کا ملکیتی ہے، لیکن اس کے عملے کی قومیت کے بارے میں پتا نہیں چل سکا۔

صومالی قزاقوں نے اس وقت 20 بحری جہازوں اور ان کے عملے کے تقریباً تین سو ارکان کو پکڑ رکھاہے۔ قزاقوں نے ایک ترک مال بردار بحری جہاز اوراس کے عملے کے 25 ارکان کو ہفتے کے روز چھوڑ دیا۔

یورپی یونین کا کہناہے کہ انہوں نے ایک اور جہاز یاسن سی(Yasin C)کو تکنیکی خرابیوں کے باعث چھوڑ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ عملے کے تمام ارکان محفوظ ہیں اور جہاز کو کینیا کی بندرگارہ ممباسا کی طرف دھکیلاجارہاہے۔

صومالی قزاق اچھے موسم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مارچ سے اب تک 18 بحری جہازوں کو اغوا کرچکےہیں، جن میں جنوبی کوریا کا تیل بردار جہاز بھی شامل ہے جسے پچھلے اتوار پکڑا گیا تھا۔

بین الاقوامی بحری فورسز قزاقوں کے حملے روکنے کے لیے صومالیہ کے نزدیکی پانیوں میں گشت کررہی ہیں، لیکن جنگی جہاز اس وسیع علاقے کی مؤثر طور پرنگرانی نہیں کرسکتے جہاں قزاق اپنی کارروائیاں کرتےہیں۔

قزاق بالعوم تاوان کی ادائیگی کے بعد اغوا کیے گئے جہازوں اور عملے کے ارکان کو کوئی گزند پہنچائے بغیر چھوڑ دیتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG