رسائی کے لنکس

صومالیہ: موغادیشو میں بن لادن کی ہلاکت پر جشن


صومالیہ: موغادیشو میں بن لادن کی ہلاکت پر جشن
صومالیہ: موغادیشو میں بن لادن کی ہلاکت پر جشن

بدھ کے روز ہزاروں صومالی باشندوں نے القاعدہ کے راہنما اسامہ بن لادن کی ہلاکت پر خوشی کے اظہار کے لیے دارالحکومت موغادیشو کی سڑکوں پر جلوس نکالے۔

مظاہرین نے نعرے لگاتے ہوئے القاعدہ سے منسلک تنظیم الشباب پرزور دیا کہ وہ ملک میں دہشت گردی اور تشدد ختم کرے۔

مظاہرین جب سرکاری کنٹرول کے علاقوں میں داخل ہوئے تو سرکاری فورسز نے انہیں سیکیورٹی فراہم کی۔

دارالحکومت کے زیادہ تر حصوں پر الشباب کا کنٹرول ہے اور ملک کے زیادہ تر شمالی اور وسطی علاقے بھی الشباب کے قبضے میں ہیں۔ الشباب کے ایک ترجمان نے دھمکی دی ہے کہ بن لادن کی ہلاکت کا بدلہ لیں گے۔

صومالیہ کے عہدے داروں کا کہناہے کہ انہیں توقع ہے کہ بن لادن کی ہلاکت سے الشباب کو مدد فراہم کرنے کی القاعدہ کی صلاحیت متاثر ہوگی۔ خیال ہے کہ القاعدہ کے سینکڑوں جنگجو الشباب کی مدد کررہے ہیں۔

کچھ عرصہ قبل صومالیہ کی حکومت نے، جسے اقوام متحدہ کی حمایت حاصل ہے، الشباب کے خلاف ایک بڑی فوجی کارروائی شروع کی تھی اور حالیہ ہفتوں میں اسے نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

صومالیہ کے وزیر اعظم محمد عبدالہی محمد نے وائس آف امریکہ کو پیر کے روز اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کی حکومت کو اسامہ بن لادن کی ہلاکت پر خوشی ہوئی ہے۔

صومالی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بن لادن نے اسلام کو بدنام کیا۔ انہوں نے کہا کہ صومالیہ القاعدہ کی دہشت گرد کارروائیوں کا نشانہ بنا ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG