رسائی کے لنکس

صومالیہ: طیارے سے گرنے والے مسافر کی لاش برآمد


متاثرہ جہاز کی ایک تصویر
متاثرہ جہاز کی ایک تصویر

حکام کا کہنا ہے کہ جہاز کی قطار نمبر 16 میں ہونے والے دھماکے سے جہاز میں ایک بڑا سوراخ ہو گیا تھا جس سے بالکل کونے کی نشست پر بیٹھا ایک مسافر نیچے جا گرا تھا۔

صومالیہ میں حکام نے اس مسافر کی لاش برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو منگل کو ایک مسافر طیارے میں دورانِ پرواز دھماکے سے ہونے والے شگاف سے گر کر ہلاک ہوگیا تھا۔

صومالیہ کے وزیر برائے ہوابازی علی احمد جانگلی نے وائس آف امریکہ کی صومالی سروس کو بتایا ہے کہ بلد نامی قصبے کےنزدیک سے ملنے والی لاش کو تفتیشی افسران نے قبضے میں لے لیا ہے اور لاش کی شناخت کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکام کو یقین ہے کہ مذکورہ لاش جہاز سے گرنے والے مسافر کی ہی ہے جسے منگل سے تلاش کیا جارہا تھا۔

صومالی وزیر نے کہا کہ 'دالو ایئر لائنز' کے طیارے میں منگل کو ہونے والے دھماکے کی وجوہات کے تعین کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں جن کے نتائج سامنے آنے میں کچھ وقت لگے گا۔

حکام کے مطابق نجی ایئر لائن کے طیارے میں 81 افراد سوار تھے جس میں اڑان بھرنے کے 10 سے 15 منٹ بعد ہی دھماکہ ہوگیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ جہاز کی قطار نمبر 16 میں ہونے والے دھماکے سے جہاز میں ایک بڑا شگاف ہو گیا تھا جس سے بالکل کونے کی نشست پر بیٹھا ایک مسافر نیچے جا گرا تھا۔

مسافروں کے مطابق دھماکے کےبعد جہاز کے پائلٹ نے انتہائی مہار ت کا مظاہرہ کیا اور جہاز کو بحفاظت موغادیشو کے ہوائی اڈے پر اتارنے میں کامیاب رہا تھا۔

جہاز میں سوار صومالی حکومت کے ایک عہدیدار احمد علمی محمد نے وائس آف امریکہ کی صومالی سروس کو بتایا ہے کہ واقعے کے بعد جہاز کے عملے نے چابک دستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسافروں کی زندگیاں بچائیں۔

علمی محمد کے مطابق جہاز کے عملے کے ارکان نے دھماکے کے فوراً بعد شگاف کے نزدیک بیٹھے مسافروں کو دوسری طرف منتقل کرکے جہاز کا متاثرہ حصہ خالی کرالیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے سے ہونے والے شگاف سے بہت تیزی سے ہوا جہاز کے اندر آرہی تھی جس کے باعث مسافروں کو سانس لینے میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

ان کے بقول اس موقع پر عملے کے افراد نے مسافروں کو آکسیجن ماسک لگانے میں مدد کی اور انہیں یقین دلایا کہ جہاز بحفاظت لینڈ کرجائے گا۔

علمی محمد کےمطابق دھماکے سے طیارے کے ایک حصے کو نقصان پہنچنے کے باوجود پائلٹ نے جہاز کو سنبھالے رکھا اور پرواز بالکل متوازن رہی۔

XS
SM
MD
LG