رسائی کے لنکس

صومالیہ کےقریبی سمندرمیں دو اورجہاز ہائى جیک


ڈاکوؤں نےجمعے کےدن دیرگئےصومالیہ سےکوئى ایک ہزار کلومیٹردورمشرق میں ایشین گلوری نامی مال بردار جہاز پر اُس کے 25 افراد کے عملے سمیت قبضہ کرلیا تھا

حکام نے کہا ہے کہ صومالیہ کے سمندری ڈاکوؤں نے برطانوی پرچم والے ایک ایسے مال بردار جہاز کو ہائى جیک کرلیا ہے، جو سنگا پور سے کاریں اور کیمیکلز کا ایک ٹینکر ٹرک لےکر روانہ ہوا تھا۔
عہدے داروں کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے جمعے کے دن دیر گئےصومالیہ سے کوئى ایک ہزار کلومیٹردور مشرق میں ایشین گلوری نامی مال بردار جہاز پر اُس کے 25 افراد کے عملے سمیت قبضہ کرلیا تھا۔
صومالیہ کے قریبی سمندر میں بحری قزاقی کی خلاف نبرد آزما یورپی یونین کی ٹاسک فورس کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اس جہاز پر قبضہ ٹاسک فورس کے کنٹرول کے علاقے سے باہر کیا گیا تھا۔
ترجمان جان ہاربر نے کہا ہے کہ ڈاکوؤں نے ابھی تک اُس جہاز کی کمپنی سے رابطہ قائم نہیں کیا ہے اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ وہ جہاز اب کہاں جارہا ہے۔
اس جہاز کے عملے میں 10 یوکرین کے ، آٹھ بلغاریہ کے ، پانچ بھارت اور دو رومانیہ کے باشندے شامل ہیں۔عہدے داروں نے کہا ہے کہ بظاہر یہ لوگ خیریت سے ہیں۔
جمعے کے روز ہی اس سے پہلے بحری قزاقوں نے خلیج عدن میں کیمیکلز کے پرامونی نامی ایک ٹینکر پر قبضہ کرلیا تھا۔
پرامونی کے عملے میں 17 انڈونیشی اور پانچ چینیوں کے علاوہ نائجیریا اور ویت نام کا ایک ایک شہری شامل ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق ، وہ بھی سب خیریت سے ہیں۔
جہاز رانی سے متعلق عہدے داروں کا کہنا ہے کہ اس وقت10 سے زیادہ غیر ملکی جہاز صومالیہ کے سمندری ڈاکوؤں کے قبضے میں ہیں۔ اور انہوں نے ان جہازوں کے عملے کے 200 سے زیادہ لوگوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔
صومالی ڈاکوؤں نے پچھلے دو برسوں میں پکڑے ہوئے جہازوں کو چھوڑ دینے کے بدلے میں تاوان کی صورت میں کروڑوں ڈالر بنائے ہیں۔

XS
SM
MD
LG