رسائی کے لنکس

صومالیہ: باغیوں کے مضبوط گڑھ پر قبضہ


عہدے داروں کا کہناہے کہ انہوں نے دارالحکومت کے شمال میں فوجی کارروائی کے بعد الشباب کے باغیوں سے جمعے کی صبح مصلہ کا قبضہ چھین لیا

صومالی حکومت اور افریقی یونین کی مشترکہ افواج نے موگادیشو کے مضافاتی علاقے میں القاعدہ سے منسلک عسکریت پسند تنظیم کے ایک مضبوط گڑھ پر قبضہ کرلیا ہے۔

عہدے داروں کا کہناہے کہ انہوں نے دارالحکومت کے شمال میں فوجی کارروائی کے بعد الشباب کے باغیوں سے جمعے کی صبح مصلہ کا قبضہ چھین لیا۔

عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ فوجی دستوں نے کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی بندوقوں کی لڑائی کے بعد قصبے پر کنٹرول حاصل کیا۔

صومالی فورسزنے، جنہیں افریقی یونین کے فوجی دستوں کی مدد حاصل ہے، دارالحکومت موگادیشو کے شمال میں الشباب کے با غیوں کے خلاف ایک نئی کارروائی شروع کی ہے۔

افریقی یونین کا اتحاد شورش زدہ ملک میں القاعدہ سے منسلک عسکریت پسند تنظیم الشباب کے خلاف اپنی کامیابیوں کا تسلسل قائم رکھے ہوئے ہے۔

صومالیہ میں افریقی یونین کے مشن نے کہاہے کہ جمعے کی صبح شروع کی جانے والی کارروائی کا مقصد دارالحکومت کے شمال کو الشباب کے جنگجوؤں سے پاک کرنا ہے جسے عسکریت پسند حالیہ دنوں میں کئی حملوں کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں۔

افریقی یونین کی اتحادی افواج نے اپنی تازہ کارروائی دوہفتے قبل بائیدوا سے، جس کا شمار ملک کے تیسرے سب سے بڑے شہر کے طور پر کیا جاتا ہے، الشباب کے جنگجوؤں کو ایک بڑی شکست دے کر علاقے سے فرار ہونے پر مجبور کردیاتھا۔ اس شہر کو باغیوں کے ایک مضبوط ٹھکانے کی حیثیت حاصل تھی۔

الشباب کے قبضے میں اب بھی جنوبی اور وسطی صومالیہ کا ایک بڑا علاقہ ہے، لیکن وہ ایتھوپیا، کینیا، افریقی یونین اور صومالیہ کی افواج سے لڑائیوں کے بعدآہستہ آہستہ کئی علاقوں کا کنٹرول کھورہاہے۔

اتحادی افواج نے گذشتہ سال الشباب کو دارالحکومت موگادیشو سے بہر دھکیل دیا تھا، لیکن اب بھی وہاں عسکریت پسندوں کے اکادکا گوریلا اسٹائل کے حملوں کاسلسلہ جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG