رسائی کے لنکس

مصور کی اچھوتی کاوش، ریکارڈ 11 کروڑ 50 لاکھ ڈالر میں فروخت


ارب پتی جاپانی خریدار کے الفاظ میں ’’مجھے امید ہے کہ یہ مصوری دوسروں پر بھی حسِ لطافت کا اتنا ہی احساس چھوڑے گی جتنا کہ اس نے مجھے اپنے سحر میں جکڑا ہے، اور یہ کہ 21 برس کی عمر میں بَسکیا کی یہ معرکة الآرا مصوری ہماری آئندہ نسلوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی رہے گی‘‘

امریکی مصور، ژاں مِشیل بَسکیا کے دنیا سے فانی ہونے کے 30 برس بعد، ایک ریکارڈ قائم ہوا ہے۔

بَسکیا کی کینوس پر کھینچی ہوئی بغیر عنوان کی ایک شاہکار اچھوتی کاوش جمعرات کے روز ’سوتھبائی‘ کے نیلام میں 11 کروڑ 50 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی۔

نیلام گھرکا کہنا ہے کہ مصور کی یاد میں یہ ایک ریکارڈ سودا ہے، جب کہ آکشن میں کسی امریکی مصور کو اب تک ملنے والی یہ سب سے زیادہ رقم ہے۔

جاپانی ارب پتی، یوساکو مائزاوا نے 10 منٹ تک بولی پہ بولی لگا کر تصویر اپنے نام کی۔ اُن کا کہنا ہے کہ وہ بَسکیا کا یہ شاہکار میوزئم اور نمائشوں کو مستعار کریں گے، جس کے بعد اِسے جاپان میں ’شیبا‘ کے اپنے آبائی قصبے میں قائم عجائب گھر کے حوالے کریں گے۔

مائزاوا نے کہا ہے کہ ’’مجھے امید ہے کہ یہ مصوری دوسروں پر بھی حسِ لطافت کا اتنا ہی احساس چھوڑے گی جتنا کہ اس نے مجھے اپنے سحر میں جکڑا ہے، اور یہ کہ 21 برس کی عمر میں بَسکیا کی یہ معرکة الآرا مصوری ہماری آئندہ نسلوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی رہے گی‘‘۔

بغیر عنوان کے کروڑوں ڈالر کے اِس بیش بہا آرٹ کے نمونے میں ایک ’کاسہ سر‘ جیسی کھوپڑی دکھائی گئی ہے، جسے ایک بڑے کینوس پر ’آئل اِسٹک‘، ’اکرائلک‘ اور ’اسپرے پینٹ‘ کی مدد سے کھینچا گیا ہے۔

سنہ 1984 سے یہ مصوری ایک نجی کلیکشن کا حصہ بنی رہی، جسے محض 19000 ڈالر میں فروخت کیا گیا۔

’سوتھبائی‘ میں عصرِ حاضر کے فنونِ لطیفہ کے سربراہ، گریگری بِلو کے بقول، ’’میں نے اِس قسم کی پینٹنگ میں کبھی اِس قدر جذباتی دلچسپی نہیں دیکھی۔ اِس پر وہ بولی لگی ہے جو ہم نے کبھی نہیں سنی‘‘۔

بَسکیا کی بغیر عنوان والی ایک اور کاوش گذشتہ سال پانچ کروڑ 73 لاکھ ڈالر میں بِکی تھی۔ اُس کے خریدار بھی یوساکو مائزاوا ہی تھے۔

بَسکیا سیاہ فام تھے جو بروکلین میں پیدا ہوئے۔ اُن کے والد ہیٹی سے، جب کہ والدہ کا تعلق پورٹو ریکو سے تھا۔

اُن کا 1988ء میں 27 برس کی عمر میں نشہ آور ادویات کے جان لیوا ’اوورڈوز‘ کے باعث انتقال ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG