رسائی کے لنکس

پاکستان کا نگراں وزیراعظم کون ہوگا؟

  • کراچی

نگراں وزیر اعظم

نگراں وزیر اعظم

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے سب سے پہلے یہ نام پیش کیا تھا

پاکستان کے سیاسی ایوانوں میں یہ بحث زور پکڑ گئی ہے کہ نگراں وزیر کون ہوگا؟ مقامی ذرائع ابلاغ نے بھی نگراں وزیراعظم سے جڑی پیشگوئیاں شروع کردی ہیں۔ اِس حوالے سےتازہ ترین اطلاعات یہ ہیں کہ وفاقی وزیر ِمذہبی امورسید خورشید شاہ اور پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرمیاں رضا ربانی نے پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو منالیا ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے سب سے پہلے یہ نام پیش کیا تھا۔ اُنہوں نے فوری طور محمود خان اچکزئی سے رابطہ بھی کیا لیکن محمود خان نے منع کردیا۔ اس کے بعد اب پی پی کی جانب سے خورشیدشاہ اور سینیٹر رضا ربانی نے محمود اچکزئی کو نگراں وزیراعظم کی ذمے داری اٹھانے پر رضامند کرلیاہے۔

روزنامہ ’ایکسپریس ‘ کی ایک خبر کے مطابق محمود اچکزئی آئندہ چند روز میں وزیراعظم راجہ پرویزاشرف ،ن لیگ کے صدر نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اورقائد حزب اختلاف چوہدری نثارعلی خان سے ملاقاتیں کریں گے۔

پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق 2 ماہ قبل محمود اچکزئی نے یہ کہہ کر نگراں وزیراعظم بننے سے معذرت کرلی تھی کہ وہ انتخابی سیاست سے آؤٹ نہیں ہونا چاہتے، تاہم اب خورشید شاہ اور رضا ربانی نے محمود اچکزئی کونگراں وزیراعظم بننے پرآمادہ کرلیاہے۔

سیاسی مبصرین اور تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ محمود اچکزئی کانام چوہدری نثار علی خان نے پیش کیا ہے، لہٰذا وہ متفقہ نگراں وزیراعظم تسلیم کرلیے جائیں گے۔ تاہم، اس سلسلے میں حتمی طور پر ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
XS
SM
MD
LG