رسائی کے لنکس

انگلینڈ کو شکست، جنوبی افریقہ سیمی فائنل میں


فائل
فائل

فتح کے بعد جنوبی افریقہ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔ 'گروپ-2' سے بھارت پہلے ہی ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے۔

بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے 'ورلڈ ٹی20' کرکٹ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو تین رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جب کہ انگلینڈ ایونٹ سے باہر ہوگیا ہے۔

ہفتے کو چٹا گانگ میں کھیلے جانے والے 'گروپ – 1' کے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔

ٹی20 ورلڈ کپ 2014ء میں یہ اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

جنوبی افریقہ کی اننگز کی خاص بات اے بی ڈی ویلیئرز کی جارحانہ اننگز تھی جنہوں نے 28 گیندوں پر 69 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ہاشم آملہ 56 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

جواباً انگلش ٹیم جان توڑ محنت کرکے بھی مقررہ 20 اوورز میں 193 رنز بناسکی۔ انگلینڈ کے 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سات کھلاڑی آؤٹ ہوئے جن میں اوپنر ایلکس ہالز 38، جوز بٹلر 34 اور روی بوپارا 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے وین پارنیل نے تین اور عمران طاہر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

آج کے میچ میں فتح کے بعد جنوبی افریقہ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔ 'گروپ-2' سے بھارت پہلے ہی ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے۔ دونوں ٹیمیں اپنے اپنے گروپوں میں چھ، چھ پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہیں۔

'گروپ-1' میں سری لنکا اور نیوزی لینڈ 4، 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ 'گروپ-2' میں ویسٹ انڈیز 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

'گروپ-2' میں شامل پاکستان نے اب تک دو میچز کھیلے ہیں اور وہ 2 پوائنٹس کےساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان اپنا تیسرا میچ اتوار کو میزبان بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔
XS
SM
MD
LG