رسائی کے لنکس

جنوبی کوریا میں ووکس ویگن کاروں کی فروخت پر پابندی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جنوبی کوریا کے حکام کا کہنا ہے کہ ووکس ویگن نے مبینہ طور پر شور اور دھوئیں کے اخراج سے متعلق تجزیوں میں جعلسازی کی ہے۔

جنوبی کوریا نے منگل کو کاریں بنانے والی ایک معروف جرمن کمپنی ووکس ویگن پر ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے اس کی بنائی جانے والی 80 مختلف ماڈلز کی کاروں کی ملک میں فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔

جنوبی کوریا کے حکام کا کہنا ہے کہ ووکس ویگن نے شور اور دھوئیں کے اخراج سے متعلق تجزیوں میں مبینہ طور پر جعلسازی کی ہے۔

ماحولیات کی وزارت کی طرف سے سنایا جانے والا یہ فیصلہ ووکس ویگن کے لیے ایک تازہ ترین دھچکا ہے جو گزشتہ سال سے اس انکشاف کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کو کوشش کررہی ہےجب یہ بتایا گیا تھا کہ اس کی گاڑیوں میں ایسے آلات نصب کیے گئے تھے جن کا مقصد دھوئیں کے اخراج سے متعلق ٹیسٹوں کو دھوکہ دینا تھا۔

گزشتہ نومبر میں جنوبی کوریا نے ووکس ویگن پر ایک کروڑ 27 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا تھا اور اس کی ڈیزل پر چلنے والی ایک لاکھ پچیس ہزار کاروں کے لیے جاری کیے گئے اجازت نامے منسوخ کر دیے تھے۔

منگل کو اس فہرست میں مزید تراسی ہزار گاڑیوں کو شامل کیا گیا جن کی فروخت پر پابندی ہو گی۔ ان گاڑیوں میں ووکس ویگن کی اوڈی اور بینٹلے کے نام سے فروخت ہونے والے ماڈل کی گاڑیاں شامل ہیں۔

وزارت ماحولیات کے ایک عہدیدار ڈانگ گون نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ اگر ووکس ویگن دوبارہ اپنی گاڑیوں کی فروخت کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے رجوع کرے گی تو اسے نظر ثانی کے ایک سخت عمل سے گزرنا ہو گا۔

بتایا گیا ہے کہ ووکس ویگن نے اس معاملے پر معذرت کرتے ہوئے اس کے جلد حل کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ووکس ویگن 2007ء سے جنوبی کوریا میں اپنی کاریں فروخت کر رہی ہے۔ امریکہ بھی ووکس ویگن کاروں کے لیے ایک بڑی مارکیٹ ہے اور وہاں بھی اسے دھوئیں کے اخراج سے متعلق ٹیسٹوں میں جعل سازی کے معاملات کی وجہ سے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑا۔

ووکس ویگن نے کاروں کے مالکان کے قانونی دعوؤں کے بعد انہیں 15 ارب ڈالر کی ادائیگی کرنے پر اتفاق کیا۔

ووکس ویگن نے اپنی ڈیزل گاڑیوں کو فروخت کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا تھا کہ یہ گاڑیاں ایندھن کی بچت کرتی ہیں اور عام گیسولین انجن کے مقابلے میں ان کی کارکردگی بہتر ہے۔

تاہم بعد میں یہ انکشاف ہوا کہ اس کی بنائی گئی ایسی ایک کروڑ 10 لاکھ گاڑیوں میں ایسے آلات نصب ہیں جو ٹیسٹوں کے دوران آلودگی کے اخراج کو روکنے کا کام کرنا شروع کر دیتے ہیں جبکہ معمول کی ڈرائیونگ کے دوران یہ کام کرنا بند کر دیتے ہیں جس سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے۔

XS
SM
MD
LG