رسائی کے لنکس

جنوبی سوڈان: کشتی ڈوبنے سے 200 افراد ہلاک


فوجی عہدیداروں کے مطابق یہ حادثہ ملک کے شمال میں پیش آیا جہاں لڑائی کے باعث خاندان علاقے چھوڑ رہے تھے اور کشتی کے مسافروں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی تھی۔

جنوبی سوڈان میں فوج نے کہا ہے ایک کشتی ڈوبنے سے کم از کم 200 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

فوجی عہدیداروں کے مطابق یہ حادثہ ملک کے شمال میں پیش آیا جہاں لڑائی کے باعث خاندان علاقے چھوڑ رہے تھے اور کشتی کے مسافروں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی تھی۔

فوج کے ترجمان فلپ ایگرو نے منگل کو بتایا کہ یہ حادثہ دریائے ’وائٹ نیل‘ میں مالاکل شہر میں پیش آیا۔

اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے عہدیدار ٹوبی لینزر نے بتایا کہ مالاکل اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں تازہ جھڑپیں ہوئی ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ لڑائی کے باعث علاقے میں اقوام متحدہ کے مطابق مالاکل شہر کے کیمپ میں پناہ کے لیے آنے والوں کی تعداد 19 ہزار ہو گئی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق گزشتہ جمعہ کو یہ تعداد 10 ہزار تھی۔

جنوبی سوڈان میں لڑائی کرنے والے فریقوں کی ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں منگل کو دوبارہ براہ راست ملاقات طے ہے، جس میں ممکنہ طور پر وہ جنگ بندی سے متعلق بات چیت کریں گے۔

ملک میں ایک ماہ سے زائد عرصے سے جاری لڑائی کی بندش کا معاملہ تعطل کا شکار ہے کیوں کہ حکومت نے حزب مخالف کے مطالبے پر 11 باغیوں کو رہا کرنے سے انکار کر رکھا ہے۔
XS
SM
MD
LG