رسائی کے لنکس

خلائی جہاز اٹلانٹس زمین پراترنے کے لیے تیار


خلائی جہاز اٹلانٹس زمین پراترنے کے لیے تیار

خلائی جہاز اٹلانٹس زمین پراترنے کے لیے تیار

خلائی جہاز اٹلانٹس پر سوار ناسا کے خلاباز جمعرات کے روز زمین پر اترنے کی تیاری کررہے ہیں۔ اٹلانٹس کےزمین کو چھونے کے ساتھ ہی امریکہ کا 30 سال پر پھیلا ہوا خلائی شٹل کا پروگرام ختم ہوجائے گا۔

اٹلانٹس اور اس پر سوار چار خلابازوں نے منگل کے روز اپنی واپسی کا سفر شروع کیاتھا۔ خلابازوں نے آٹھ روز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر قیام کیا۔ انہوں نے اس خلائی مہم کے ذریعے خلائی اسٹیشن پر ایک سال کی ضروریات کے لیے درکاراشیاء پہنچائیں اور واپسی کے سفر میں وہ اپنے ساتھ استعمال شدہ بے کار آلات اور خلائی اسٹیشن کا کوڑا کرکٹ لارہے ہیں۔

بدھ کے روز اٹلانٹس نے زمین کے مدار میں چار کلوگرام وزنی سیٹلائٹ چھوڑا۔ کسی امریکی خلائی جہاز کے ذریعے زمین کے مدار میں چھوڑا جانے والا یہ آخری سیٹلائٹ ہے۔

بعدازاں شٹل کے کمانڈر کرسٹوفر فرگوسن اور اس کے عملے نے خلائی جہازکے کنٹرول سسٹمز کی جانچ پڑتال کی۔

ناسا کاکہناہے کہ جمعرات کی صبح فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر میں خلائی شٹل کے اترنے کے وقت موسم انتہائی سازگار ہوگا۔

اٹلانٹس کے ذریعے اس 13 روزہ مشن کے اختتام کے ساتھ ہی اس خلائی شٹل کی 26 سال پر محیط سروس ختم ہوجائے گی۔ موجودہ پرواز اٹلانٹس کی 33 ویں پرواز تھی۔

امریکی خلائی ادارے ناسا نے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پرامریکی خلابازوں کو پہنچانے اور واپس لانے کے لیے چار پرائیویٹ خلائی کمپنیوں سے معاہدہ کیا ہے جس کے تحت وہ ایک نیا خلائی جہاز تیار کریں گی۔ تاہم اس کی پروازیں شروع ہونے میں تین سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔اس دوران امریکی خلابازوں کی خلائی اسٹیشن پر آمدروفت روسی خلائی جہازوں کے ذریعے ہوا کرے گی۔

XS
SM
MD
LG