رسائی کے لنکس

نجی کمپنی کا پہلا جہاز خلائی سفر پر روانہ


'ڈریگن' لگ بھگ 455 کلوگرام سامان زمین کے مدار میں موجود خلائی لیبارٹری لے جارہا ہے

دنیا کی پہلی نجی خلائی کمپنی کی جانب سے تیار کردہ مال بردار خلائی جہاز اپنے پہلے باقاعدہ مشن پر روانہ ہوگیا ہے۔

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں قائم 'اسپیس ایکس' نامی کمپنی کا تیار کردہ 'ڈریگن' نامی خلائی کیپسول بحرِ اوقیانس کے ساحل پر واقع 'کیپ کیناویرل' کے امریکی مرکز سے اتوار کی شب اپنے پہلے خلائی سفر پر روانہ ہوا۔

کیپسول بدھ کی صبح بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہ پہنچے گا۔ مذکورہ کیپسول امریکی خلائی ادارے 'ناسا' اور 'اسپیس ایکس' کے درمیان ہونے والے ایک ارب 60 کروڑ ڈالر مالیت کے معاہدے کے تحت تیار کیا گیا ہے۔

اس سے قبل نجی خلائی کمپنی نے مئی میں اپنے اس کیپسول کے ابتدائی ماڈل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔ 'اسپیس ایکس' کے صدر گوائن شاٹ ویل نے کہا ہے کہ اس کامیاب تجربے سے ہر کوئی مطمئن ہے لیکن چوں کہ کیپسول کا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک پہنچنا ایک خاصا دشوار عمل ہے لہذا، ان کے بقول، اب بھی بہت کچھ ہونا باقی ہے۔

خلائی کیپسول کی روانگی کے موقع پر جاری ایک بیان میں کمپنی کے سربراہ نے کہا کہ وہ اس پرواز کے ذریعے حاصل ہونے والے تجربات کی روشنی میں اپنے خلائی جہاز کو مزید بہتر بنائیں گےتاکہ اسے مستقبل میں خلابازوں کو لانے اور لے جانے کے کام لایا جاسکے۔

'ڈریگن' لگ بھگ 455 کلوگرام سامان زمین کے مدار میں موجود خلائی لیبارٹری لے جارہا ہے جب کہ وہاں سے واپسی پر وہ اس کا دگنا سامان اور خلائی مرکز میں مقیم خلابازوں کی استعمال شدہ اشیا واپس لائے گا۔

خلائی کیپسول کی واپسی کی پرواز میں بنل الاقوامی خلائی اسٹیشن پر لیے جانے والے اور محفوظ کیے گئے حیاتیاتی نمونے بھی تجزیے کے لیے زمین پر بھیجے جائیں گے۔

یاد رہے کہ امریکہ کی جانب سے اپنا خلائی شٹل پروگرام ختم کرنے کے بعد اب صرف روس کا خلائی شٹل 'سوئز' ہی ہے جو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے کوئی چیز واپس زمین پر لانے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ لیکن چوں کہ یہ جہاز بنیادی طور پر خلابازوں کے سفر کے لیے تیار کیا گیا ہے لہذا اس میں ساز و سامان کی گنجائش خاصی کم ہے۔

'ناسا' کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت 'اسپیس ایکس' زمین سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے سازو سامان لے جانے والی ایسی 12 پروازیں چلائے گی۔ کمپنی کی اگلی پرواز آئندہ برس جنوری میں روانہ ہوگی۔
XS
SM
MD
LG