رسائی کے لنکس

اسپین: القاعدہ سے منسلک چھ شدت پسند گرفتار


’تمام چھ کے چھ افراد اسپین کے شہری ہیں، جنھیں جمعے کے روز مراقش کی سرحد کے ساتھ اسپین کےشمالی افریقی خطے، ملیلہ میں کی جانے والی خانہ تلاشی کے دوران حراست میں لیا گیا‘: اسپین کی وزارت داخلہ

حکومتِ اسپین کا کہنا ہے کہ پولیس نے ایک جہادی جتھے کے چھ ارکان کو گرفتار کیا ہے جو مبینہ طور پر مالی اور لیبیا میں شدت پسندوں کے ہمراہ لڑنے کی غرض سے بھرتی کیے جا رہے تھے۔

اسپین کی وزارتِ داخلہ نے بتایا ہے کہ تمام چھ کے چھ افراد اسپین کے شہری ہیں، جنھیں جمعے کے روز مراقش کی سرحد کے ساتھ اسپین کےشمالی افریقی خطے، ملیلہ میں کی جانے والی خانہ تلاشی کے دوران حراست میں لیا گیا۔

فوج نے کہا ہے کہ اس نیٹ ورک نے ’مجائو‘ کا ساتھ دینے کے لیے 24 مراقشی اور اسپین کے دو افراد کو روانہ کیا۔ ’مجائو‘ شمالی مالی میں لڑنے والا اسلامی شدت پسندوں کا گروہ ہے، جو القاعدہ کے ساتھ منسلک ہے۔

اُس کا کہنا ہے کہ بھرتی کرنے والے چند کارندے ایک میڈیا مہم چلا رہے تھے، جسے انٹرنیٹ پر ’شریعہ 4 اسپین‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

اسپین سے مالی بھیجے گئے اِن دو افراد کی شناخت 42 سالہ بنائسہ بغدادی اور زکریہ محمد سعید بتائی گئی ہے۔ مبینہ طور پر بغدادی نے مالی کے سحرا میں قائم مجائو کے ایک کیمپ میں تربیت حاصل کی؛ جب کہ زکریہ دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کے ماہر ہیں، جو ابھی تک مالی ہی میں ہیں۔

بغدادی اُن چھ افراد میں شامل ہیں جنھیں جمعے کے روز ملیلہ میں گرفتار کیا گیا۔

مجائو شدت پسند اسلامی گروہوں میں سے ایک ہے، جس نے 2012ء میں شمالی مالی میں کنٹرول سنبھالا، جس کے بعد فرانسسی اور افریقی افواج نے اُنھیں دھکیل باہر کیا تھا۔
XS
SM
MD
LG