رسائی کے لنکس

اسپین، مراکش میں داعش سے تعلق کے الزام میں کئی افراد گرفتار


اسپین کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ان افراد کی گرفتاری اسپین میں میڈرڈ کے نواح میں واقع سان مارٹن دی لا ویگا اور شمالی مراکش کے کئی شہروں سے عمل میں لائی گئی ہے۔

اسپین اور مراکش نے ایک مشترکہ کارروائی میں شام اور عراق میں سرگرم شدت پسند گروپ داعش کے لئے مبینہ طور پر جنگجوؤں کو بھرتی کرنے کی سرگرمیوں میں ملوث 14 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

اسپین کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ان مشتبہ افراد کی گرفتاری اسپین میں میڈرڈ کے نواح میں واقع سان مارٹن دی لا ویگا اور شمالی مراکش کے کئی شہروں سے عمل میں لائی گئی ہے۔

وزارت داخلہ کی طرف سے حراست میں لئے گئے افراد اور ان کی مبینہ سرگرمیوں کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی ہے۔

اسپین میں حالیہ سالوں میں کئی مشتبہ عسکریت پسندوں کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں اس سال مارچ میں حراست میں لئے گئے آٹھ افراد بھی شامل ہیں جو حکام کے مطابق اسپین میں مبینہ طور پرداعش کے لئے پروپگنڈا کرنے کا کام کررہے تھے۔

اسپین کی فوج امریکہ کی قیادت میں گزشتہ ایک سال سے داعش کے خلاف ہونے والی فضائی کارروائیوں میں بھی شامل ہے۔

اس سال جنوری میں یورپی یونین اور عرب لیگ نے انسداد دہشت گردی کا ایک پروگرام شروع کیا تھا جس میں مشتبہ دہشت گردوں اور ان کی طرف سے ممکنہ حملوں کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کرنا شامل تھا۔ اسپین یورپی یونین کا رکن ملک ہے جبکہ مراکش کا شمار عرب لیگ کے رکن ممالک میں ہوتا ہے۔

XS
SM
MD
LG