رسائی کے لنکس

ہسپانوی شہزادی پر ’ٹیکس فراڈ‘ اور ’منی لانڈرنگ‘ کے الزامات


شہزادی کرسٹینا پر عائد کردہ الزامات کے تازہ سکینڈل کے بعد ہسپانوی شاہی خاندان کی مقبولیت میں نمایاں کمی دیکھنے کو آئی ہے جو ماہرین کے مطابق ہسپانوی عوام کی نظروں میں پہلے ہی اپنا مقام کھوتی جا رہی ہے۔

ہسپانیہ کے بادشاہ جوآن کارلوس کی صاحبزادی شہزادی کرسٹینا پر ٹیکس فراڈ اور منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

شہزادی کرسٹینا پر عائد کردہ الزامات کے تازہ سکینڈل کے بعد ہسپانوی شاہی خاندان کی مقبولیت میں نمایاں کمی دیکھنے کو آئی ہے جو ماہرین کے مطابق ہسپانوی عوام کی نظروں میں پہلے ہی اپنا مقام کھوتی جا رہی ہے۔

مجسٹریٹ پالما ڈی مالارکو نے لمبی تفتیش کے بعد 200 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا کہ 48 سالہ شہزادی کرسٹینا کے خلاف ثبوت موجود ہیں اور وہ ان جرائم کی مرتکب ہوئی ہیں۔
مجسٹریٹ کی جانب سے شہزادی کرسٹینا کو حکم دیا گیا کہ وہ 8 مارچ کو عدالت میں پیش ہوں۔ ماہرین کی نظر میں شاہی خاندان کے فرد کا یہ ٹرائل، ایک ایسی مثال ثابت ہو سکتا ہے جو اس سے قبل ماضی میں موجود نہیں۔

دوسری جانب شہزادی کرسٹینا کے وکیل ِدفاع میگل روکا نے مقامی ہسپانوی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔ وکیل ِ دفاع کا یہ بھی کہنا تھا کہ، ’مجھے شہزادی کرسٹینا کی بے گناہ ہونے پر پورا یقین ہے‘۔

اس سے قبل ماضی میں شہزادی کرسٹینا کے شوہر پر بھی جو کہ ایک سابق اولمپئن ہیں، فراڈ اور ٹیکس چوری، کاغذات میں رد و بدل اور جعل سازی کے ساتھ ساتھ اپنے خیراتی ادارے کے تحت پبلک فنڈز سے 6 ملین یورو خورد برد کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ جبکہ شہزادی کرسٹینا کے شوہر ایناکی اردینگارن نے ان الزامات کی نفی کی تھی۔

یہ کیس ہسپانیہ کی تاریخ میں کرپشن کے کیسز کے باعث شاہی خاندان کی ساکھ کے بارے میں عوامی رائے کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔

اتوار کے روز شائع ہونے والے ایک عوامی جائزے کے مطابق سپین کے عوام کی رائے میں بادشاہ کو اپنی 38 سالہ بادشاہت سے علیحدگی اختیار کرلینی چاہیئے اور اقتدار اپنے بیٹے شہزادے فلپ کو منتقل کر دینا چاہئیے۔ شہزادہ فلپ کو ابھی بھی ہسپانیہ میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور ان کی بہن کے کرپشن سکینڈل کے باوجود ان کی ساکھ کو نقصان نہیں پہنچا ہے۔

واضح رہے ہسپانیہ کے بادشاہ جوآن کارلوس 1975ء میں آمر جنرل فرینکوس فرینکو کی موت کے بعد بادشاہت کی بحالی کے بعد ہسپانیہ کے بادشاہ چنے گئے تھے۔
XS
SM
MD
LG