رسائی کے لنکس

کراچی: ایم کیو ایم کی امن و امان کی صورتحال پر اجلاس بلانے کی درخواست مسترد


ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا ہے کہ، ’اجلاس بلانے سے متعلق اسپیکر سندھ اسمبلی کا موقف درست نہیں، اگر انہیں دستخطوں پر کوئی شک تھا تو وہ متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان کو اسمبلی میں طلب کر کے تصدیق کر سکتے تھے۔‘

سندھ اسمبلی کے اسپیکر پیپلزپارٹی کے رہنما آغا سراج درانی نے متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے کراچی میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر اجلاس بلانے کیلئے درخواست مسترد کردی۔

اسپیکر اسمبلی آغا سراج درانی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ، ’ایم کیو ایم کی جانب سے امن و امان کے اجلاس بلانے کی درخواست پر ارکان اسمبلی کی جانب سے کئے گئے دستخط مختلف ہیں، اگر ایم کیو ایم کی جانب سے اجلاس بلانے کی دوبارہ درخواست جمع کرائی گئی تو قانون کے مطابق فیصلہ کیاجائےگا۔‘

ایم کیو ایم کے رہنما رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ، ’اجلاس بلانے سے متعلق اسپیکر سندھ اسمبلی کا موٴقف درست نہیں، اگر انہیں دستخطوں پر کوئی شک تھا تو وہ متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان کو اسمبلی میں طلب کر کے تصدیق کر سکتے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے ایک مرتبہ پھر درخواست جمع کرائے جائیگی۔‘

واضح رہے کہ کراچی میں پچھلے چند روز کے دوران ہونے والی سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی گرفتاریوں اور متحدہ قومی موومنٹ کے ارکانِ اسمبلی کے ناموں سمیت دیگر کئی فہرست سامنے آنے کے بعد ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی میں امن و امان سے متعلق سندھ اسمبلی کا اجلاس بلانے کی درخواست جمع کرائی گئی تھی۔
XS
SM
MD
LG