رسائی کے لنکس

ڈاکٹر محمد علی شاہ انتقال کرگئے

  • کراچی

ڈاکٹر محمد علی شاہ

ڈاکٹر محمد علی شاہ

اُن کا شمار پاکستان کے ماہر آرتھوپیڈک سرجنز میں ہوتا تھا۔ ہڈیوں کے مرض میں مبتلا مریضوں کیلئے ان کے بعض کامیاب آپریشن دنیائے طب میں منفرد مقام رکھتے ہیں

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے مشیر برائے کھیل اور پاکستان کے معروف آرتھو پیڈک سرجن، ڈاکٹر محمد علی شاہ امریکی شہر ہیوسٹن میں پیرکو دوران علاج انتقال کرگئے۔ اُن کی عمر 67 برس تھی، وہ بلڈ کینسر میں مبتلا تھے۔

وہ کراچی اور اسلام آباد کے کئی اسپتالوں میں زیرعلاج رہے۔ تاہم، طبیعت مزید بگڑ جانے کے سبب پچھلے ماہ انہیں امریکہ منتقل کیا گیا تھا، جہاں ہیوسٹن میں کیمو تھراپی کے دوران انہیں پیر کو دل کا دورہ پڑا جس سے وہ جانبر نہ ہوسکے۔

مقامی میڈیا کے مطابق، ڈاکٹر شاہ کی میت امریکا سے کراچی لائی جائے گی اور یہیں ان کی تدفین بھی ہو گی۔

ڈاکٹر محمد علی شاہ نے کراچی میں ایک نجی اسپتال بھی قائم کیا۔ اُن کا شمار پاکستان کے ماہر آرتھوپیڈک سرجنز میں ہوتاتھا۔ ہڈیوں کےمرض میں مبتلا مریضوں کیلئے ان کے بعض کامیاب آپریشن دنیائے طب میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر محمد علی شاہ مرحوم ایک بہترین معالج ہونے کے ساتھ ساتھ کرکٹ کے بہترین کھلاڑی تھے۔ انہوں نے کرکٹ کے فروغ کیلئے نمایاں خدمات انجام دیں۔ کراچی کا اصغرعلی شاہ اسٹیڈیم ان کے والد کے نام سے منسوب ہے۔

انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی سےحاصل کی۔ تاہم، ایم بی بی ایس کے بعد برطانیہ کے مختلف تعلیمی اداروں سے بھی اعلیٰ تعلیم لیتے رہے۔ ڈاکٹر محمد علی شاہ کو طب اور کھیل کے شعبے میں قومی اعزازات سے نوازا گیا۔ 1997 ء میں سابق صدر فاروق لغاری نے انہیں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی دیا۔ 2003ء میں پرویز مشرف نے تمغہ امتیاز اور 2009ء میں صدر آصف علی زرداری کی جانب سے ستارہ امتیاز دیا گیا۔

ڈاکٹر محمد علی شاہ 2008ء کے عام انتخابات میں متحدہ قومی موومنٹ کے ٹکٹ پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے ۔

وہ صوبائی وزیربرائے کھیل بھی رہے۔ تاہم، 2012ء کے آخر میں انہوں نے صوبائی وزارت اور سندھ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ بعدازاں، وہ صوبائی مشیر برائے کھیل مقرر کئے گئے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے جاری کردہ اعلامئے کے مطابق جنوری 2013ء میں ڈاکٹر محہد علی شاہ کی طبیعت زیادہ خراب ہوگئی جس کے بعد وہ مزید علاج کے سلسلے میں امریکہ روانہ ہوگئے، جہاں ہیوسٹن کے اسپتال ایم ڈی اینڈریسن میں زیرعلاج رہنے کے بعد پیرکو انتقال کرگئے۔
XS
SM
MD
LG