رسائی کے لنکس

کرکٹ کی تاریخ کا دوہزارواں ٹیسٹ میچ، جمعرات کو بھارت اور انگلینڈ کے درمیان


کرکٹ کی تاریخ کا دوہزارواں ٹیسٹ میچ، جمعرات کو بھارت اور انگلینڈ کے درمیان
کرکٹ کی تاریخ کا دوہزارواں ٹیسٹ میچ، جمعرات کو بھارت اور انگلینڈ کے درمیان

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا دو ہزارواں میچ جمعرات کو انگلینڈ اور بھارت کے درمیان لارڈز میں کھیلا جائے گا ۔ یہ مقابلہ جہاں دنیائے کرکٹ کے لئے دلچسپی کا حامل ہے وہیں دونوں ٹیموں کے لئے بھی انتہائی تاریخ ساز ہے ۔ اسی ٹیسٹ میں بھارتی اسٹار سچن ٹنڈولکر کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔

127 برس قبل انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان لارڈز سے ہی ٹیسٹ کرکٹ کا سفر شروع ہوا تھااور 2000 واں میچ پھر اسی تاریخی مقام پر کھیلا جائے گا تاہم اس مرتبہ کرکٹ کو جنم دینے والے انگلینڈ کا حریف آئی سی سی کی درجہ بندی میں پہلے نمبر والا بھارت ہے ۔ دونوں ٹیموں کے لئے اس میچ کی اہمیت اس لئے بھی ہے کہ 100 ویں مرتبہ یہ ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی ۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اگر حالیہ چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سے انگلینڈ دو میچ جیت کر سیریز اپنے نام کر لیتا ہے تو بھارت کو ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن سے ہاتھ دھونے پڑیں گے ۔مجموعی طور پر 99 میچوں میں سے 34 فتوحات کے ساتھ انگلینڈ کو برتری حاصل ہے جبکہ بھارت نے صرف 19مرتبہ جیت کا مزا چکھا جبکہ 46 میچوں کا نتیجہ نہیں نکل سکا ۔

لارڈز گراؤنڈ بھی بھارت کے مقابلے میں انگلینڈ کےلئے خوش قسمت رہا ۔ لارڈز میں 15 میچوں میں سے 10 بار انگلینڈ نے جبکہ صرف ایک بار بھارت نے فتح کا جشن منایا جبکہ4 میچ ڈرا ہوئے ۔

ٹنڈولکر کی سنچریز کی سنچری!!
کھلاڑیوں کی بات کی جائے تو بھارتی اسٹار سچن ٹنڈولکر سب کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں کیونکہ وہ کل سے شروع ہونے والے میچ میں ہی اپنی سوویں سنچری مکمل کرنے کے لئے بے تاب ہیں ۔ تاہم قابل ذکر بات یہ ہے کہ بھارتی ٹیم کی طرح سچن ٹنڈولکر کی بھی لارڈز کے میدان سے کچھ زیادہ خوشگوار یادیں وابستہ نہیں ۔ انہوں نے لارڈز کرکٹ گراوٴنڈ میں اب تک ایک نصف سنچری بھی اسکور نہیں کی۔ لارڈز میں ان کا بہترین اسکور 37رنز ہے، انہوں نے لارڈز میں 7اننگز کھیلی ہیں اور ان کا مجموعی اسکور 149ہے۔لیکن اگر قسمت نے ان سے یاوری کی اور وہ سنچری بنانے میں کامیاب ہوگئے تو یہ ان کی سنچریوں کی بھی سنچری ہوگئی اور لارڈز کے لئے ایک نیا ریکارڈ۔

XS
SM
MD
LG