رسائی کے لنکس

جے سوریا، چمندا واس سری لنکا کے ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر


جے سوریا، چمندا واس سری لنکا کے ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر
جے سوریا، چمندا واس سری لنکا کے ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر

سری لنکا نے کرکٹ ورلڈ کپ 2011ء کےلیے 15 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ سری لنکا کو 1996ء کے ورلڈ کپ میں فتح دلانے والے سوناتھ جے سوریا اور چمندا واس کو حیرت انگیز طور پر ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

دونوں کھلاڑی سری لنکا کرکٹ کی جانب سے گزشتہ ماہ اعلان کیے گئے ورلڈ کپ کے 30 رکنی ابتدائی اسکواڈ میں شامل تھے۔ تاہم دونوں اسٹار کرکٹرز جمعہ کے روز اعلان کی گئی حتمی قومی ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

جے سوریا اور چمندا واس جیسے سینیئر کھلاڑیوں کو شامل نہ کیا جانے کے بعد ورلڈ کپ 2011ء کےلیے اعلان کی گئی سری لنکن ٹیم میں 1996ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے صرف ایک کھلاڑی ، موتیا مرلی دھرن بچے ہیں۔

کرکٹ سری لنکا کے مطابق کمار سنگا کارا 19 فروری سے شروع ہونے والے عالمی کپ میں سر ی لنکن ٹیم کی قیادت کرینگے جبکہ مہیلا جیا وردھنے نائب کپتان ہونگے۔ دو اپریل تک جاری رہنے والا کرکٹ ورلڈ کپ بھارت، سری لنکا ور بنگلہ دیش کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہورہا ہے۔

جمعہ کے روز اعلان کی گئی 15 رکنی سری لنکن ٹیم میں کپتان سنگاکارا اور نائب کپتان جیا وردھنے کے علاوہ تلکا رتنے دلشان، اپْل تھارنگا، تھیلان سماراویرا، چمارا سلوا، چمارا کپوگیڈیرا، اینجلو میتھیوز، تھیسارا پریرا، نوان کولاسیکارا، لسیتھ ملینگا، دلہارا فرنینڈو، موتیا مرلی دھرن، اجنتھا مینڈس اور رنگانا ہیراتھ شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG