رسائی کے لنکس

کلکتہ کے منسوخ میچ کی میزبانی بنگلور کو مل گئی


کلکتہ کے منسوخ میچ کی میزبانی بنگلور کو مل گئی
کلکتہ کے منسوخ میچ کی میزبانی بنگلور کو مل گئی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی شہر کلکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں ہونے والا ورلڈ کپ کا لیگ میچ بنگلور میں کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی کی ایک کمیٹی 7 فروری کو دوبارہ ایڈ ن گارڈنز کا دورہ کرکے وہاں ہونے والے تین دیگر میچز کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔

گزشتہ ہفتے کرکٹ کی عالمی تنظیم کی جانب سے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں تزئین و آرائش کا کام بروقت مکمل نہ ہونے کے باعث 27 فروری کے بھارت بمقابلہ انگلینڈ لیگ میچ کی میزبانی کلکتہ کی بجائے کسی دوسرے شہر کو دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

پیر کے روز آئی سی سی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی تنظیم نے کلکتہ میں ہونے والے میچ کو بنگلور منتقل کرنے کی بھارتی کرکٹ بورڈ کی تجویز منظور کرلی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بورڈ کی ایک کمیٹی آئندہ ہفتے ایک بار پھر ایڈن گارڈنز کا دورہ کرکے وہاں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لے گی تاکہ کلکتہ میں ہونے والے باقی ماندہ تین لیگ میچز کیلیے گراؤنڈ کی تیاری کا اندازہ لگایا جاسکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے نام اپنے ایک مکتوب میں ان کاموں اور تیاریوں کی فہرست روانہ کردی ہے جنہیں ایڈن گارڈن کو 15، 18 اور 20 مارچ کے طے شدہ لیگ میچز کی میزبانی کے قابل بنانے کےلیے ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچایا جانا چاہیے۔

آئی سی سی کے مطابق ان تیاریوں کے جائزے کے سلسلے میں کونسل کی ایک ٹیم 7 فروری کو دوبارہ کلکتہ کا دورہ کرے گی۔

بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والا کرکٹ ورلڈ کپ 2011 فروری کی 19 تاریخ سے شروع ہورہا ہے جس کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG