رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ کو شکست، سری لنکا سیمی فائنل میں


فائل

فائل

کیویز کے چھکے چھڑانے میں سری لنکن بالر رنگانا ہراتھ کا کردار نمایاں رہا جنہوں نے صرف تین رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سری لنکا 'ورلڈ ٹی20' کے گروپ میچ میں نیوزی لینڈ کو 59 رنز سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

پیر کو چٹا گانگ میں کھیلے جانے والے 'گروپ – 1' کے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس کی پوری ٹیم 2ء19 اوورز میں 119 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکن بلے بازوں کی مشکلات کا آغاز دوسرے اوورز سے ہی ہوگیا تھا۔ کیوی بالرز کے سامنے سری لنکن بلے بازوں کو کریز پر ٹہرے رہنے میں خاصی مشکل درپیش رہی اور ان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ آخری اوور تک وقفے وقفے سے جاری رہا۔

سری لنکا کی جانب سے جیا وردھنے 25 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ تھریمان نے 20 رنز بنائے۔ کوئی اور سری لنکن بلے باز 20 کا ہندسہ عبور نہ کرسکا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے جمی نیشام اور ٹرینٹ بولٹ نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ مک کلے نیگن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

لیکن جواباً کیویز کے لیے 120 رنز کے نسبتاً آسان ہدف کا تعاقب انتہائی مشکل ثابت ہوا اور پوری ٹیم 3ء15 اوورز میں صرف 60 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔

نیوزی لینڈ کے اوپنر ولیم سن کی 42 رنز کی اننگز بھی کیویز کے کسی کام نہ آئی اور باقی نو کھلاڑی مجموعی اسکور میں صرف 18 رنز کا اضافہ کرسکے۔

کوری اینڈرسن زخمی ہونے کے باعث بیٹنگ کرنے کریز پر نہیں آئے۔

کیویز کے چھکے چھڑانے میں سری لنکن بالر رنگانا ہراتھ کا کردار نمایاں رہا جنہوں نے صرف تین رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آج کے میچ میں فتح کے بعد سری لنکا نے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ 'گروپ-1' سے جنوبی افریقہ پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے۔

'گروپ-2' سے بھارت سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے جب کہ دوسری پوزیشن کے لیے ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان کڑا مقابلہ ہے۔

دونوں ٹیمیں منگل کو ڈھاکہ میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل آئیں گی اور میچ کی فاتح سیمی فائنل کھیلے گی۔

تبصرے دکھائیں

XS
SM
MD
LG