رسائی کے لنکس

سری لنکا: شدید بارشیں اور سیلاب، کم ازکم 37 افراد ہلاک


صدر نے فوج کو احکامات جاری کیے ہیں کہ سیلاب زدہ علاقوں یا ڈھلان پر مقیم متاثرہ افراد کے انخلا کے کام میں مدد فراہم کی جائے۔ ملک کی بحریہ اور فضائیہ کو امدادی کاموں میں مدد دینے کے لیے بلوایا گیا ہے، جن میں سے تقریباً 266 فوجی کیگالے میں تعینات ہیں، جو بدترین متاثرہ علاقہ ہے

سری لنکا میں شدید برساتوں اور سیلاب کے باعث تین دیہاتوں کے متعدد گھر گر گئے ہیں، جس کے نتیجے میں کم از کم 37 افراد ہلاک ہوئے۔ اب بچاؤ کے کام سے وابستہ کارکن مٹی اور ملبے کے ڈھیر ہٹا رہے ہیں، تاکہ پھنسے ہوئے افراد کو بازیاب کیا جائے۔

بتایا جاتا ہے کہ درجنوں افراد لاپتا ہیں، جن کے لیے کہا جاتا ہے کہ وہ زندہ درگور ہوگئے ہوں گے۔

صدر میتھری پالا سری سینا نے بدھ کے روز متاثرہ علاقے کا دورہ کیا، جہاں خراب موسم شدید تباہ کاری کا منظر پیش کر رہا ہے۔

ٹوئٹر پیغام میں اُنھوں نے کہا کہ ’’نقصان تباہ کُن نوعیت کا ہے‘‘۔

سری لنکا کے محکمہٴ موسمیات نے کہا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے شدید دباؤ کے باعث تیز برساتیں ہوئی ہیں، لیکن اب اِن کا زور کم ہوجائے گا۔ سری لنکا کی ریڈ کراس نےآن لائن شائع ہونے والے ایک بیان میں بتایا ہے کہ سرکاری حکام کے ہمراہ آج ہی کے دِن بچاؤ کا کام کرنے والی دو ٹیمیں روانہ کی گئی ہیں، جنھوں نے اب تک 180 افراد کو نکال لیا ہے، حالانکہ ارنیاکے کے علاقے میں واقع سری پورہ، پالے باگے اور الاجی پیتا کے دیہات میں بجلی کی ترسیل معطل ہے۔ یہ علاقہ کیگالی کے ضلع میں واقع ہے۔

صدر نے فوج کو احکامات جاری کیے ہیں کہ سیلاب زدہ علاقوں یا ڈھلان پر مقیم متاثرہ افراد کے انخلا کے کام میں مدد فراہم کی جائے۔ ملک کی بحریہ اور فضائیہ کو امدادی کاموں میں مدد دینے کے لیے بلوایا گیا ہے، جن میں سے تقریباً 266 فوجی کیگالے میں تعینات ہیں، جو بدترین متاثرہ علاقہ ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ سیلابی پانی کے پھیلاؤ سے قبل متعدد مقامی افراد نے زرعی علاقے خالی کردیے تھے۔ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ موسمی آفت کے نتیجے میں 350000 سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، جب کہ 223000 افراد نے سرکاری تحویل میں قائم کیے گئے فلاحی مراکز میں پناہ لے رکھی ہے۔ بارشوں کے نتیجے میں شہروں میں سیلابی پانی جمع ہوگیا ہے، جن میں دارالحکومت، کولمبو بھی شامل ہے۔

خراب موسم کے پیشِ نظر، بدھ کو ملک بھر کے اسکول بند کردیے گئے۔

سری لنکا کے مرکز برائے قدرتی آفات نے اطلاع دی ہے کہ گذشتہ چند روز کے دوران، بجلی کے جھٹکے لگنے اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG