رسائی کے لنکس

سری لنکا ویسٹ انڈیز کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا


بارش کے باعث 'ڈک ورتھ لوئس' قانون کے تحت سری لنکا کو 27 رنز سے میچ کا فاتح قرار دے دیا گیا۔

سری لنکا ویسٹ انڈیز کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو 'ڈک ورتھ لوئس ' قانون کے تحت 27 رنز سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

جمعرات کو بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو میچ جیتنے کےلیے 161 رنز کا ہدف دیا تھا۔

جواباً ویسٹ انڈیز نے 5ء13 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روکنا پڑا۔

بارش نہ رکنے کے باعث 'ڈک ورتھ لوئس' قانون کے تحت سری لنکا کو 27 رنز سے میچ کا فاتح قرار دے دیا گیا۔

سری لنکا کا مقابلہ فائنل میں بھارت اور جنوبی افریقہ درمیان جمعے کو ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔ سری لنکن ٹیم 'ورلڈ ٹی20' کی تاریخ میں تیسری بار ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل کھیلے گی۔

اس سے قبل جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے تھریمان 44 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ اینجلو میتھیوز 40 اور تلکا رتنے دلشان 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے سنتوکی نے دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ سیموئل بدری اور آندرے رسل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس میچ میں سری لنکا کی ٹیم میں تھریسارا کی جگہ پراسانا کو شامل کیا تھا۔
XS
SM
MD
LG