رسائی کے لنکس

سری لنکا میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے پر احتجاج


سری لنکا میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے پر احتجاج
سری لنکا میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے پر احتجاج

سری لنکا میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جمعے کو دارالحکومت کولمبو میں ہزاروں افراد نے احتجاج کیا جنہیں منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

یاد رہے کہ سری لنکا کی حکومت نے تیل کی بڑھتی ہوئی عالمی قیمتوں کے پیشِ نظر گزشتہ ہفتے ملک میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کردیا تھا جس کے خلاف ملک گیر احتجاج جاری ہے۔

ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث حکومت کو بسوں کے کرایے اور بجلی کی قیمت میں بھی اضافہ کرنا پڑا ہے۔

حکومتی فیصلے پر احتجاج کے لیے جمعے کو حزبِ اختلاف کے اراکینِ پارلیمان ہزاروں مظاہرین کے ہمراہ کولمبو کے مرکزی ریلوے اسٹیشن کے باہر جمع ہوئے اور مرکزی سڑک پر ٹریفک روک دیا۔

مظاہرین کی جانب سے پولیس کی طرف سے کھڑی کی گئی رکاوٹوں کو توڑ کر آگے بڑھنے کی کوشش پر پولیس اہلکاروں نے مظاہرے کے شرکا کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور پانی برسایا۔

حکومت کا کہنا ہے کہ تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے باعث اندرونِ ملک ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا۔

سرکاری ترجمان کا کہنا ہے کہ عوام کو ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے حکومت نے بس و ٹیکسی مالکان اور ماہی گیروں کو زرِ تلافی دینے کا انتظام کیا ہے۔

قبل ازیں بدھ کو کولمبو سے 70 کلومیٹر شمال میں واقع ساحلی قصبے چیلو میں ماہی گیروں نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG