رسائی کے لنکس

پاکستان نے دوسرا ٹیسٹ میچ 9 وکٹوں سے جیت لیا


پاکستان نے دوسرا ٹیسٹ میچ 9 وکٹوں سے جیت لیا
پاکستان نے دوسرا ٹیسٹ میچ 9 وکٹوں سے جیت لیا

دبئی میں کھیلے جانے والا دوسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ پاکستان نے 9 وکٹوں سے جیت لیا ہے۔

میچ کے چوتھے روز ہفتہ کو سری لنکا کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 257 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور میچ جیتنے کے لیے پاکستان کو 94 رنز کا ہدف دیا جسے اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ابتدائی بلے باز محمد نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

اس سے قبل سری لنکا کی طرف سے پراناویتانا 72 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی طرف سے سعید اجمل نے پانچ، عبدالرحمن اور جنید خان نے دو، دو جب کہ محمد حفیظ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جمعہ کو پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 403 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور سری لنکا کے خلاف 164 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

پاکستان کی طرف سے اظہر علی 100 اور اسد شفیق 59 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ سری لنکا کے باؤلرز پراساد اور دلشان نے تین، تین جبکہ ویلیگدارا اور ہیراتھ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

تیسرے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 88 رنز بنائے تھے۔

کھیل کے پہلے دن سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 239 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے عمر گل اور سعید اجمل نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جنید خان اور عبدالرحمن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

بدھ کو جب میچ شروع ہوا تو سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔

XS
SM
MD
LG